• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

مسلح افواج کیخلاف پروپیگنڈا کرنے پر 10 سال نااہلی کی قرارداد آج سینیٹ میں پیش کی جائے گی

شائع January 1, 2024
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند خان تنگی قرار داد پیش کریں گے ۔  فائل فوٹو: سینیٹ ویب سائٹ
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند خان تنگی قرار داد پیش کریں گے ۔ فائل فوٹو: سینیٹ ویب سائٹ

پیر (آج) کو ہونے والے سینیٹ اجلاس میں مسلح افواج کے خلاف بد نیتی پر مبنی اور منفی پروپیگنڈا کرنے پر عوامی عہدے سے ایک دہائی کی نااہلی سمیت سخت سزا کے مطالبے کی قرارداد سینیٹ میں پیش کی جائے گی۔

سینیٹ کے ایجنڈے کے مطابق جس کی ایک کاپی ڈان ڈاٹ کام کے پاس موجود ہے، نگران وزرا سینیٹ میں متعدد بل پیش کریں گے، اس کے علاوہ پارلیمان کے ایوان بالا کے سامنے قراردادیں اور موشنز بھی پیش کی جائیں گی، اجلاس دوپہر 2:30 بجے شروع ہوگا۔

پیش کی جانے والی قرراردادوں میں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر بہرہ مند خان تنگی کی قرارداد مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر گہری تشویش کا اظہار کرتی ہے۔

قرارداد میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی عظیم قربانیوں کو اجاگر کیا گیا ہے اور اس بات کا اعتراف کیا گیا ہے کہ بالخصوص مخالف ہمسایہ ملک کے پیش نظر مضبوط فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے ملک کے دفاع کے لیے ناگزیر ہیں۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سینیٹ حکومت سے سفارش کرتی ہے کہ وہ افواج پاکستان اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے خلاف منفی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے میں ملوث پائے جانے والوں کو عوامی عہدے سے 10 سال کی نااہلی سمیت سخت سزا دینے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں۔

ایک اور قرارداد جس کے ایوان میں پیش کیے جانے کی توقع ہے وہ حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اپنے ترقیاتی بجٹ میں موسمیاتی تبدیلی کو ترجیح دیں اور اس سلسلے میں ماحولیاتی تبدیلی کے موافقت اور تیاری کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے جائیں۔

تیسری قرارداد سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کی جانب سے پیش کی جائے گی جس میں یونیورسٹی کیمپس میں طالب علموں کی جانب سے منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے اقدامات کی سفارش کی گئی ہے۔

آج ایوان بالا میں پیش کیے جانے والے متوقع بلوں میں الیکٹرانک جرائم کی روک تھام (ترمیمی) بل 2023، فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2023، آئینی (ترمیمی) بل 2024، واپڈا یونیورسٹی اسلام آباد بل 2023، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (ترمیمی) بل 2023، مہلک حادثات (ترمیمی) بل 2023، نیشنل ایکسی لینس انسٹی ٹیوٹ بل 2024، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام اور کنٹرول (ترمیمی) بل 2023 اور سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2023 شامل ہیں۔

جمعے کو ہونے والا سینیٹ اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا تھا، اس کی وجہ کورم کی کمی یا دوسرے لفظوں میں ارکان کی کارروائی میں عدم دلچسپی تھی۔

اس سے قبل 27 دسمبر کو نئے سیشن کے پہلے دن ارکان نے نگران حکومت کو بل اور آرڈیننس لانے سے روکتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات میں دو ماہ سے بھی کم وقت رہ گیا ہے، نگران سیٹ اپ کے ذریعے ایسا کرنے کی کیا ضرورت ہے؟

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024