• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

سال 2024 کا آغاز، کراچی سمیت ملک بھر میں جشن اور ہوائی فائرنگ

شائع January 1, 2024
سال 2024 کے آغاز عوام نے آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا— فوٹو: ڈان نیوز
سال 2024 کے آغاز عوام نے آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا— فوٹو: ڈان نیوز

سال نو کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں سادگی کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا جا رہا ہے اور پابندی کے باوجود ملک کے مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور سمیت کئی شہروں میں نئے سال کا شاندار انداز سے استقبال کیا گیا جبکہ ملکی ترقی، خوشحالی، امن و استحکام کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں سال نو کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جبکہ کراچی میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے شہر میں ہوائی فائرنگ پر پابندی عائد ہے۔

کراچی میں سال 2023 کے آخری غروب آفتاب کا خوبصورت منظر— فوٹو: اے پی پی
کراچی میں سال 2023 کے آخری غروب آفتاب کا خوبصورت منظر— فوٹو: اے پی پی

تاہم پابندی کے باوجود سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا، کلفٹن، ملیر، قائد آباد، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی، بلدیہ، کیماڑی سمیت کراچی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں نئے سال کی پہلی رات کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات مکمل کیے گئے اور ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی ہدایت کی گئی لیکن اس کے باوجود لاہور بھر میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رونما ہوئے اور ون وہیلنگ کی گئی۔

لاہور پولیس نے سال 2024 کا پہلا مقدمہ تھانہ چوہنگ میں ناجائز اسلحہ کے خلاف درج کر لیا۔

پولیس نے ملزم شرافت کو کوٹ رادھا کشن سے گرفتار کر کے کلاشنکوف بر آمد کرلی۔

اس کے علاوہ پشاور، اسلام آباد، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ہوائی فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے نئے سال کی آمد پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والی نسلوں کے لیے روشن مستقبل ہمارا منتظر ہے۔

آرمی چیف نے نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام ایک ہیں اور پاکستان کے جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مشکل لیکن اہم سال کا اختتام ہوگیا اور 2024 پاکستان کے لیے اندرونی و بیرونی لحاظ سے بہت اہم ہے۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی اور ترقی کے مقصد میں اپنا کردار ادا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور اسے پاکستانی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی پر فخر ہے۔

یاد رہے کہ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے فلسطین اور غزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے سال نو سادگی سے منانے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024