کراچی: کورنگی انڈسٹریل ایریا تولیہ فیکٹری میں لگی آگ پر 4 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا
کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی ایک تولیہ فیکٹری میں آگ پر 4 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق آج صبح 10 بجے کے قریب کورنگی صنعتی ایریا سیکٹر میں واقع تولیہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
فائربریگیڈ کی 10 سے زائد گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا، فائربریگیڈ کے عملے کی 4 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔
آتشزدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ فیکٹری میں موجود تولیہ بنانے کا سامان، گتا اور دیگر قیمتی و ضروری سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
پولیس حکام کو عینی شاہدین کی جانب سے بیان دیا گیا کہ پی ایم ٹی میں اسپارک ہونے کے بعد آگ لگی، فائربریگیڈ اب تک آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہین کرسکی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل (26 دسمبر) کراچی کے علاقے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں خاکستر ہوگئی تھیں۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق موبائل مارکیٹ میں لگنے والی آگ پر فائربریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے 5 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پایا، واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
گزشتہ شب صدر موبائل مارکیٹ میں لگنی والی آگ نے کئی دکانوں کو جلا دیا، دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
فائربریگیڈ کی 7 گاڑیوں نے 5 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا تھا۔
اس سے قبل 20 دسمبر کو کراچی کی اہم شاہراہ شارع فیصل پر واقع پارسا ٹاور نامی عمارت میں آگ لگ گئی تھی، فائر بریگیڈ نے 10 گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا تھا۔