• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

بلاول بھٹو نے عام انتخابات کیلئے 10 نکاتی منشور کا اعلان کردیا

شائع December 27, 2023 اپ ڈیٹ January 1, 2024
بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانی سیاسی جماعتیں اور سیاستدان ماضی بن چکے ہیں۔ فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو نے کہا کہ پرانی سیاسی جماعتیں اور سیاستدان ماضی بن چکے ہیں۔ فوٹو: ڈان نیوز

چیئرمین پیپلز پارٹی و سابق وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری نے ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے 10 نکاتی منشور کا اعلان کردیا۔

گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی سولہویں برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پرانی سیاست کو دفن کر دے گی، تم کتنے بھٹو مارو گے ہر گھر سے بھٹو نکلےگا، وہ سمجھتےتھے بینظیر بھٹوکو شہید کر کے غریب کی آواز کو دبادیں گے، مجھے پیپلزپارٹی کے جیالوں پر فخر ہے، کچھ قوتوں نے سوچا بینظیر بھٹو کو راستے سے ہٹا کر پیپلز پارٹی کو ختم کردیں گے، ملک کو صرف پیپلزپارٹی بچاسکتی ہے، صرف پیپلزپارٹی ملک کو درپیش تمام مسائل کا مقابلہ کرسکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کو صرف عوامی راج مشکل سے نکال سکتا ہے، ملک میں کوئی جماعت وفاق کو بچا سکتی ہے تو وہ پیپلزپارٹی ہے، پیپلزپارٹی کا مقابلہ کسی سیاستدان یا سیاسی جماعت سے نہیں ہے، پیپلزپارٹی کا مقابلہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت سے ہے، پیپلزپارٹی الیکشن سے ڈرتی نہیں اس کو مقابلہ سمجھتی ہے، قائد عوام نے سکھایا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، یہی سمجھنے سے ملک ترقی کرےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پرانی سیاسی جماعتیں اور سیاستدان ماضی بن چکے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی پرانی سیاست کو دفن کردے گی، پیپلزپارٹی تقسیم، نفرت اور پرانی سیاست کاخاتمہ کرے گی، کوئی جیل سے نکلنے اور کوئی جیل سے بچنے کے لیے سیاست کررہا ہے، پاکستان اور پاکستان کے عوام مشکل میں ہیں، پیپلزپارٹی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے۔

جلسے کے دوران بلاول بھٹو نے ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے 10 نکات پیش کردیے۔

  • پانچ سال میں تنخواہوں کو دگنا کریں گے۔
  • غریب طبقے کے لیے 300 یونٹ سولر انرجی کا انتظام کریں گے۔
  • یکساں معیاری تعلیم کے منصوبے پیش کریں گے۔
  • پورے پاکستان میں صحت کا مفت نظام نافذ کریں گے۔
  • سیلاب متاثرین کو گھر بناکر دیں گے اور کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق فراہم کریں گے۔
  • غریب عوام کو بینظیر انکم سپورٹ کے طرز پر مدد فراہم کریں گے۔
  • کسان کارڈ کا اجرا کریں گے۔
  • ملک بھر کے تمام مزدوروں کے لیے بینظیر انکم سپورٹ کارڈ متعارف کیا جائے گا۔
  • نوجوانوں کو یوتھ کارڈ کے ذریعے مدد فراہم کی جائے گی۔
  • تمام ڈویژنز میں یوتھ سینٹرز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری تک پیپلزپارٹی کے جیالے اپنے اختلافات بھول جائیں، پیپلزپارٹی تیاری پکڑے ، دمادم مست قلندر ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024