• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پہاڑوں کی بلندیوں سےخلا کی وسعتوں تک سال 2023ء میں پاکستانیوں نے کون سے اعزاز اپنے نام کیے؟

سال 2023ء میں پاکستانیوں بالخصوص خواتین نے اپنے متعلقہ شعبہ جات میں بہت سے کارنامے انجام دیے جس کی ایک جھلک اس تحریر میں ہم پیش کرنے جارہے ہیں۔
شائع December 30, 2023

سال 2023ء میں پاکستانیوں نے بہت سے کارنامے سرانجام دیے، بالخصوص خواتین جنہوں نے متعدد رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے متعلقہ شعبوں میں اعزازات اپنے نام کیے۔

یہ سال تاریخی رہا جہاں پاکستانی خواتین نے خطرناک پہاڑ سر کرنے، انٹرنیشنل میڈیا میں اپنا نام بنانے سے لے کر مقامی سطح پر اقلیتوں کے لیے آواز اٹھائی۔

ڈان ایسے ہی ناموں پر نظر ڈالے گا جنہوں نے سال 2023ء میں اپنے کارناموں سے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

کھیل

پاکستان کی معروف کوہ پیما نائلہ کیانی سال 2023ء میں 8 ہزار میٹر سے بلند 10 پہاڑی چوٹیوں کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔ انہیں 6 ماہ میں 8 ہزار میٹر بلند 7 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

2023ء میں پاکستانی کوہ پیماؤں نے مندرجہ ذیل اعزازات اپنے نام کیے۔

اپریل: کوہ پیما ساجد علی سدپارہ نے نیپال کی اناپورنا چوٹی اضافی اکسیجن اور پورٹر کے بغیر سر کی۔ یہ چوٹی دنیا کی 10ویں بلند ترین چوٹی ہے جس کی لمبائی 8 ہزار 91 میٹرز ہے۔

چند دن بعد نائلہ کیانی اناپورنا چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔

مئی: ساجد علی سدپارہ نے دنیا کی بلند ترین چوٹی، 8 ہزار 849 میٹرز بلند ماؤنٹ ایوریسٹ کو اضافی آکسیجن اور پورٹرز کے بغیر الپائن اسٹائل میں عبور کیا۔

دو روز بعد نائلہ کیانی اور نادیہ آزاد نے 8 ہزار 516 میٹرز اونچی نیپال کی چوتھی بلند ترین چوٹی لوٹسے سر کرنے والی پاکستان کی پہلی دو خواتین ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

جولائی: نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ 8 ہزار 125 میٹرز بلند دنیا کی 9ویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت عبور کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین بنیں۔

  نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین بنیں—تصویر: قراقرم کلب
نائلہ کیانی اور ثمینہ بیگ نانگا پربت سر کرنے والی پہلی پاکستانی خواتین بنیں—تصویر: قراقرم کلب

نائلہ کیانی نے اسی ماہ دنیا کی 12ویں بلند ترین چوٹی، 8 ہزار 51 میٹرز کی براڈ پیک سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

ستمبر: شہروز کاشف نے نیپال کے مناسلو (دنیا کی آٹھویں بلند ترین پہاڑی 8 ہزار 163 میٹرز) کو سر کرکے، 8 ہزار میٹر کی تمام 12 چوٹیوں کو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

اسی ہفتے لاہور کے رہائشی احمد عزیر اور انعم عزیر مناسلو سر کرنے والا پہلا پاکستانی جوڑا بنا۔

اکتوبر: نائلہ کیانی اور سرباز خان کی جوڑی چین کے تبت میں واقع دنیا کی چھٹی بلند ترین چوٹی، 8 ہزار 201 میٹر اونچی چواویو سر کرنے والا پہلا پاکستانی جوڑا بنا۔

اگر دیگر کھیلوں کی بات کی جائے تو جولائی میں پاکستانی بلے باز سعود شکیل اپنے پہلے 7 میچوں میں 50 سے زائد رنز اسکور کرنے والے ٹیسٹ میچز کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بنے۔

  سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا—تصویر: اے ایف پی
سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا—تصویر: اے ایف پی

ایسے میں پاکستان کی خواتین کرکٹرز بھی پیچھے نہ رہیں، نیوزی لینڈ کے خلاف اسی کی سرزمین پر کھیلے جانے والے ٹی20 اور ون ڈے سیریز میں پہلی بار کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کی۔

سال 2023ء میں ہی منیبہ علی ٹی20 انٹرنیشنل میں سنچری اسکور کرنے والی پہلی پاکستانی بلے باز بنیں جبکہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری اسکور کرنے والی چھٹی خاتون کرکٹر ہیں۔

جیولن میں ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں پاکستان کے لیے پہلی بار تمغہ جیتا۔ اگست میں منعقد ہونے والی اس چیمپیئن شپ میں انہوں نے دوسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

  ارشد ندیم کو بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑ اکے درمیان آخری وقت تک کانٹے دار مقابلہ ہوا—تصویر: اے ایف پی
ارشد ندیم کو بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑ اکے درمیان آخری وقت تک کانٹے دار مقابلہ ہوا—تصویر: اے ایف پی

یہاں ایک ایسے اعزاز کا بھی ذکر ضروری ہے جو پہلی دفعہ تو حاصل نہیں ہوا لیکن پھر بھی ہم یہاں اس اعزاز کا ذکر کریں گے جو حمزہ خان نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپیئن شپ جیت کر اپنے نام کیا۔ یہ 1986ء کے بعد پہلا موقع تھا جب پاکستان کے کسی کھلاڑی نے یہ چیمپیئن شپ جیتی۔

کھیلوں سے جڑی ایک اور پیش رفت میں 28 سالہ حجاب زاہد پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کی پہلی خاتون جنرل منیجر بنیں۔ انہوں نے ملتان سلطان کی ٹیم کے لیے یہ عہدہ سنبھالا۔

انٹرٹینمنٹ

کھیلوں کے علاوہ پاکستانی فن اور میڈیا میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں پیش پیش رہے اور یوں انہوں نے اس شعبے میں بھی کئی نئے ریکارڈز قائم کیے۔

گزشتہ سال گریمی ایوارڈ اپنے نام کرنے والی پہلی پاکستانی گلوکارہ کا اعزاز حاصل کرنے والی عروج آفتاب اس سال فروری میں گریمی ایوارڈز میں پرفارم کرنے والی پہلی پاکستانی آرٹسٹ بنیں۔

فروری میں ہی پاکستان کا مقبول کپڑوں کا آن لائن برینڈ ’راستہ‘ لندن فیشن ویک میں شرکت کرنے والا پہلا پاکستانی برینڈ بنا۔ اس موقع پر راستہ نے اپنی ’VOLUME IX‘ نامی کلیکشن کی نمائش کی۔

اپریل میں سامنے آیا کہ آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی ہدایتکار شرمین عبید چنائے اسٹار وارز کی تازہ ترین فلم کی ہدایتکاری کریں گی۔ یوں وہ اس مشہورِ زمانہ فلم فرنچائز کی پہلی خاتون اور غیر سفیدفام خاتون ہدایتکار بنیں۔

  شرمین عبید چنائے کو اسٹار وارز سیریز کی فلم کی ہدایتکاری کرنے کو موقع ملا
شرمین عبید چنائے کو اسٹار وارز سیریز کی فلم کی ہدایتکاری کرنے کو موقع ملا

ستمبر میںپاکستانی سفارت خانے کی طرف سے پاکستانی فنکاروں کی پہلی آرٹ نمائش کو ہنگری کے دارالحکومت بوداپست میں پیش کیا گیا۔

ستمبر میں ہی کراچی کی رہائشی 24 سالہ اریکا روبن جن کا تعلق عیسائی مذہب سے ہے، انہیں پاکستان کی پہلی ’مس یونیورس پاکستان‘ ہونے کا اعزاز ملا۔ یہ ایک ایسا اعزاز تھا جسے کچھ لوگوں نے تنقید کا نشانہ بنایا وہیں کچھ لوگوں نے ان کی بے پناہ پزیرائی کی۔

اریکا روبن نومبر میں منعقد ہونے والے مس یونیورس کے عالمی مقابلوں میں شرکت کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بنیں۔

خواتین اور پاکستانی اقلیتیں

اب دیگر شعبہ جات پر نظر ڈالتے ہیں جہاں پاکستان کی خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ چل کر اعزازات اپنے نام کیے۔

فروری میں بار انتخابات میں صباحت رضوی کے منتخب ہونے کے بعد لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کو 1893ء سے اپنے قیام کے بعد سے پہلی بار خاتون سیکریٹری ملیں۔

بار نے ربیعہ باجوہ کو نائب صدر منتخب کیا جس کے ساتھ ہی بار ایسوسی ایشن میں دو اہم ترین عہدوں پر خواتین کو نمائندگی کا موقع ملا ہے۔

اپریل میں جسٹس مسرت ہلالی نے پشاور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس کا حلف اٹھایا۔ اس کے بعد انہوں نے پاکستان سپریم کورٹ کی دوسری خاتون جج ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

  یکم اپریل کو مسرت ہلالی نے پشاور ہائی کورٹ کی پہلی چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا
یکم اپریل کو مسرت ہلالی نے پشاور ہائی کورٹ کی پہلی چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا

جولائی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سعدیہ دانش بلامقابلہ گلگت بلتستان کی پہلی خاتون ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئیں۔

چند دن بعد حلیم عادل شیخ کے عہدے سے برطرف ہونے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکن رعنا انصر کو سندھ اسمبلی کی پہلی خاتون قائد حزبِ اختلاف ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔

   رعنا انصر سندھ اسمبلی کی پہلی خاتون قائد حزبِ اختلاف منتخب ہوئیں
رعنا انصر سندھ اسمبلی کی پہلی خاتون قائد حزبِ اختلاف منتخب ہوئیں

ستمبر میں جسٹس فائز عیسیٰ کے عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے پہلی بار سپریم کورٹ کے لیےخاتون رجسٹرار تعینات کو کیا۔ انہوں نے اس عہدے کے لیے اوکاڑہ کی ایڈیشنل ڈسٹرک اور سیشن جج جزیلہ اسلم کا انتخاب کیا۔

اکتوبر میں خیبر پختونخوا سوات کی لڑکیوں نے پابندیوں کے باوجود کبل تحصیل میں پہلی بار کرکٹ میچ کھیلا۔

دیگر مذاہب کی خواتین نے بھی نئی مثال قائم کی، سمرین عامر خیبرپختونخوا کی پہلی مسیحی خاتون ایڈیشنل اسٹیشن ہاؤس آفیسر بنیں۔

سال کے آغاز میں خواجہ سراؤں کو پہلی بار بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کیا گیا۔ یہ کسی پہلا موقع تھا جب معاشرے کے کسی پسماندہ طبقے کو پروگرام میں شامل کرکے ان کے حقوق دیے گئے ہوں۔

کچھ ماہ بعد شہزادی رائے اور چاندنی شاہ مخصوص نشستوں پر منتخب ہوکر کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن سٹی کونسل کی پہلی ٹرانس جینڈر رکن منتخب ہوئیں۔

  شہزادی رائے اور چاندنی شاہ
شہزادی رائے اور چاندنی شاہ

نومبر میں ملک کے دوسرے مورت مارچ سے ایک ہفتہ قبل خواہ سرا برادری نے کراچی میں پہلے ’ہیجڑا فیسٹیول‘ کا انعقاد کیا جس کا مقصد ان کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا۔

دیگر شعبہ جات

جولائی میں دبئی کے مادام تساؤ میوزیم نے پاکستان کی سابق خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کا موم کا مجسمہ پیش کیا جوکہ پہلا موقع تھا جب کسی بھی پاکستانی شخصیت کا مجسمہ میوزیم میں پیش کیا گیا۔

  بلاول بھٹو زرداری دبئی مادام تساؤ میوزیم میں بےنظیر بھٹو کے موم کے مجسمے کے ساتھ
بلاول بھٹو زرداری دبئی مادام تساؤ میوزیم میں بےنظیر بھٹو کے موم کے مجسمے کے ساتھ

بیرون ملک پاکستانیوں کو نمائندگی ملنے کا موقع ملا اور مارچ میں برطانوی نژاد پاکستانی سفارتکار فوزیہ یونس پہلی برطانوی مسلم خاتون بنیں جنہیں ٹورنٹو میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا۔

اکتوبر میں نمیرہ سلیم نے خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی خاتون بن کر تاریخ رقم کی۔


یہ مضمون 26 دسمبر 2023ء کو ڈان ڈاٹ کام پر شائع ہوا۔