• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

پی ٹی آئی کے منحرف رہنما نور عالم خان کا جے یو آئی(ف) میں شمولیت کا اعلان

شائع December 23, 2023
نور عالم خان جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عطا الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز
نور عالم خان جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا عطا الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما نور عالم خان نے اپنے اہلخانہ کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام(ف) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پشاور میں نور عالم خان کی رہائش گاہ پر جمعیت علمائے اسلام کے صوبائی امیر اور سینیٹر مولانا عطا الرحمٰن نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نور عالم خان اور ان کے خاندان کو جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

مولانا عطا الرحمٰن نے دعویٰ کیا کہ اگر الیکشن میں دھاندلی نہ ہوئی تو جیت ہماری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں جے یو آئی کو حکومت بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا اور آنے والا دور جے یو آئی کا ہے۔

اس موقع پر نور عالم خان نے مولانا عطا الرحمٰن اور دیگر جمعیت علمائے اسلام کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر کے ساتھ پہلے بھی تعلق تھا اور انہوں نے صوبے اور ملک کے لیے جو بھی باتیں کہیں، وہ درست ثابت ہوئیں، انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی کے لیے آواز اٹھائی ہے۔

جو آئی کے وفد کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ مشاورت کے بعد جے یو آئی(ف) میں شمولیت اختیار کی۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا عطاالرحمن کو 2008 سے جانتا ہوں اور ان کی قربانیوں کو دیکھ کر جے یو آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

تحریک انصاف چھوڑنے کے حوالے سے نور عالم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اداروں کے خلاف بات کرنے پر چھوڑا، احتجاج سب کرتے ہیں لیکن اداروں کے خلاف نہیں بولتے۔

انہوں نے کہا کہ 9مئی کا واقعہ شرمناک ہے کیونکہ احتجاج کا اپنا طریقہ ہوتا ہے، دھرنے جے یو آئی نے بھی کی لیکن ان لوگوں نے 9مئی جیسے واقعات نہیں کیے۔

دوسری جانب نور عالم خان نے پشاور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے۔28 سے کاغذات نامزگی جمع کرا دیے۔

نور عالم خان قومی اسمبلی کی نشست پر جے یو آئی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑیں گے۔

خیال رہے کہ نور عالم خان، پی ٹی آئی کے ان متعدد منحرف اراکین میں سے ایک ہیں جو پی ٹی آئی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی بازگشت کے بعد اسلام آباد میں واقع سندھ ہاؤس میں مقیم تھے اور تحریک عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ سال نے گزشتہ سال تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر نور عالم خان کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024