ابتدائی مثبت رجحان کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس میں تقریباً 1000 پوائنٹس کی کمی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتے کے آخری کاروباری روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران مثبت رجحان منفی میں تبدیل ہو گیا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں لگ بھگ ایک ہزار پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق تقریباً صبح 9 بج کر 35 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 263 پوائنٹس یا 0.42 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 956 کی سطح پر پہنچ گیا تھا۔
تقریباً 3 بج کر 44 منٹ پر انڈیکس 587 پوائنٹس یا 0.94 فیصد تنزلی کے بعد 62 ہزار 105 کی سطح پر آگیا، جو گزشتہ روز 62 ہزار 693 پر بند ہوا تھا۔
تاہم کاروباری ہفتے کے آخری دن کا اختتام مزید کمی کے ساتھ ہوا اور 100 انڈیکس 988 پوائنٹس یا 1.58 فیصد کمی کے ساتھ 61 ہزار 705 پوائنٹس پر بند ہوا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اتار چڑھاؤ کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت اختتام ہوا تھا، اور انڈیکس 245 پوائنٹس بڑھ گیا تھا، جو ایک وقت 532 پوائنٹس کی کمی کے بعد 62 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے آگیا تھا۔
میٹیس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے آج مندی کی وجہ ’میوچل فنڈ کی فروخت‘ اور کارپوریٹ منافع کی وصولی کو قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’دوسری طرف تعطیلات کی وجہ سے غیر ملکی سرمائے کی آمد و رفت کی سرگرمیاں کم ہوئی ہیں، ساتھ ہی سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کو ضمانت دینے کے فیصلے کے بعد خاص طور پر مارکیٹ میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے۔‘
سعد بن نصیر نے مثبت نوٹ پر کہا کہ ’جب اصلاحی مرحلہ ختم ہو جائے گا تو مارکیٹ ایک بار پھر کارکردگی دکھائے گی۔‘
اس سے ایک روز قبل (20 دسمبر) بھی کاروبار کے آغاز میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا ، تاہم یہ برقرار نہ رہ سکا تھا اور کے ایس ای-100 انڈیکس 1124 پوائنٹس کمی کے بعد 62 ہزار کی سطح سے بھی نیچے آ گیا تھا، تاہم انڈیکس قدرے بحالی کے بعد 62 ہزار 448 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، یہ 385 پوائنٹس یا 0.61 فیصد تنزلی ہے۔
21 دسمبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2300 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 63 ہزار کی سطح سے بھی نیچے آگیا تھا۔
جبکہ 19 دسمبر کو کاروباری ہفتے کے پہلے روز ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران مثبت رجحان کے بعد دوپہر میں مندی دیکھی گئی تھی اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس کم ہوگیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری کاروباری روز کے ایس ای-100 انڈیکس 680 پوائنٹس اضافے کے بعد 66 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گیا تھا۔
گزشتہ چند ماہ سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری ہے، 3 نومبر کو ساڑھے 6 سال بعد انڈیکس 53 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا، جبکہ 10 دسمبر کو کے ایس ای-100 انڈیکس پہلے 65 ہزار اور بعد ازاں تاریخ میں پہلی بار 66 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
7 دسمبر کو پی ایس ایکس بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 800 پوائنٹس اضافے کے بعد تاریخ میں پہلی بار 64 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
6 دسمبر کو بھی پی ایس ایکس میں تاریخی سنگ میل عبور کرنے کا سلسلہ جاری رہا، اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 63 ہزار کی نئی بُلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
اس سے قبل 4 دسمبر کو 100 انڈیکس 802 پوائنٹس یا 1.3 فیصد اضافے کے بعد 62 ہزار 493 پوائنٹس پر پہنچ گیا تھا۔