فواد چوہدری کا جیل سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے جیل کے اندر سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے حوالے سے جیل میں امور سرانجام دینے کی اجازت کے لیے اسلام آباد کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کردی۔
فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ وہ جوڈیشل کسٹڈی پر سینٹرل جیل اڈیالہ میں قید ہیں، الیکشن میں بطور امیدوار کاغذات جمع کروانے ہیں، وہ اسٹامپ پیپر کے اجرا اور دیگر امور کے لیے بھائی کو پاور آف اٹارنی مقرر کرنا چاہتے ہیں۔
فواد چوہدری نے استدعا کی ہے کہ عدالت ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے امور کی انجام دہی کے لیے اجازت دے۔
ادھر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں فواد چوہدری نے بتایا کہ وہ جہلم کی دونوں سیٹوں سے الیکشن لڑیں گے، انہوں نے کسی کو اپنی جگہ نامزد نہیں کیا ہے، اگر وہ الیکشن نہ لڑ سکے تو ان کے بزرگ اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔