24 گھنٹوں کے دوران مزید 100 فلسطینی شہید، اسرائیل کا جبالیہ کیمپ کنٹرول کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی فوج نے غزہ میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 100 فلسطینیوں کو شہید کردیا، 7 اکتوبر سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 19 ہزار 600 سے تجاوز ہوگئی۔
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صرف ایک دن میں غزہ میں اسرائیلی حملوں میں تقریباً 100 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ کو روکنے کے لیے مسودہ قرارداد پر ووٹنگ موخر کر دی گئی ہے، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی طرف سے تیار کردہ قرارداد پر ووٹنگ پیر (18 دسمبر) کو ہونی تھی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسودہ قرارداد پر ووٹنگ آج (20 دسمبر) متوقع ہے۔
اسرائیل اور امریکا سلامتی کونسل کی قرارداد میں ’جنگ بندی‘ کی اصطلاح استعمال کرنے کے مخالف ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے جبالیہ کیمپ کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ یونیسیف نے خوراک اور صاف پانی نہ ملنے کی صورت میں تباہ کن صورت حال سے خبر دار کردیا ہے۔
اس کے علاوہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ مزید قیدیوں کی رہائی کے بدلے ایک اور فائر بندی پر راضی ہے جبکہ دوسری جانب قیدیوں کی رہائی پر بات چیت کےلیے حماس کے سربراہ ہنیہ کا آج مصر کے دورے کا امکان ہے
اسرائیلی صدر نے کہا کہ وہ ایک اور عارضی جنگ بندی کے لیے تیار ہیں تاکہ یرغمالیوں کو بازیاب کیاجاسکے، جنگ بندی اور قیدیوں کی رہائی سے متعلق بات چیت کے لیے حماس کے سربراہ کا آج مصر کےدورے کا امکان ہے جہاں وہ مصری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔