• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

عام انتخابات: آر اوز، ڈی آر اوز کی تربیت دوسرے روز بھی جاری رہی

شائع December 18, 2023
الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کی تین روزہ ٹریننگ کرائی جا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی
الیکشن کمیشن کی جانب سے ریٹرننگ افسران کی تین روزہ ٹریننگ کرائی جا رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی

آئندہ سال فروری میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے ملک بھر میں ریٹرننگ افسران (آر اوز) اور ضلعی ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) کی تربیت دوسرے روز بھی جاری رہی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور 856 ریٹرننگ افسران کو انتخابی قوانین سے آگاہ کرنے کے ساتھ الیکشن سے متعلق مختلف مراحل کی تربیت دی جارہی ہے۔

تربیت حاصل کرنے والے افسران نے قومی خدمت بھرپور انداز میں ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

ڈی آر اوز کو انتخابی دستاویزات، بیلٹ پیپرز کا ریکارڈ اور نتائج اسکین کرکے سسٹم میں ڈالنے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جبکہ ریٹرننگ افسر پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد رات 2 بجے تک نتائج دینے کا پابند ہوگا۔

چیف سیکریٹریز سے صوبائی الیکشن کمشنرز کی ملاقات

دوسری جانب کراچی میں صوبائی چیف سیکریٹری محمد فخر سے الیکشن کمشنر سندھ نے ملاقات کی۔

ملاقات میں چیف سیکریٹری نے بتایا کہ الیکشن کے پرامن انعقاد کی تیاری مکمل کرلی ہے اور سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ پلان تیار ہے۔

انہوں نے صوبائی الیکشن کمشنر کو یقین دہانی کروائی کے شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

اسی طرح کوئٹہ میں بھی صوبائی چیف سیکریٹری شکیل قادر خان سے الیکشن کمشنر بلوچستان اعجاز انور چوہان نے ملاقات کی۔

چیف سیکریٹری بلوچستان نے صوبائی الیکشن کمشنر کو پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کی یقین دہانی کرواتے ہوئے بتایا کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024