• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان

شائع December 16, 2023
نئی قیمتوں کا اطلاق 16 دسمبر 2023 سے ہو گا— فائل/فوٹو: رائٹرز
نئی قیمتوں کا اطلاق 16 دسمبر 2023 سے ہو گا— فائل/فوٹو: رائٹرز

نگران وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر تک کمی کا اعلان کردیا ہے۔

خزانہ ڈویژن سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے آئل اینڈ گیس ریگیولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 دسمبر 2023 سے ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے کمی کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اب فی لیٹر پیٹرول 267.34 روپے میں دستیاب ہو گا۔

اس کے علاوہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر 13 روپے 50 پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل 276.21 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 11.29 روپے کمی کے بعد 164.64 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

مٹی کے تیل کی فی لیٹر کی قیمت میں بھی 10.14 روپے کی کمی گئی ہے جو اب 191.02 روپے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق 16 دسمبر 2023 سے ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 15 روز کے دوران عالمی سطح پر ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بھی معمولی اضافہ ہوا ہے، جس کی بدولت مقامی سطح پر صارفین کے لیے قیمتوں میں معقول کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے دوران ڈیزل تقریباً 4 ڈالر فی بیرل سستا ہوکر 99.50 ڈالر سے 95.50 ڈالر پر آگیا جبکہ پیٹرول کی قیمت 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 81.7 ڈالر پر آ گئی۔

دوسری جانب ڈالر کے مقابلے میں روپیہ کی قدر 284 روپے پر آگئی جوکہ یکم دسمبر کو 285.5 پر تھی، اس عرصے کے دوران خام تیل کی قیمت 79 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 73 ڈالر تک آگئی۔

حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ مالی سال 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 869 ارب روپے جمع کرنے کا بجٹ ٹارگٹ مقرر کیا تھا لیکن اب توقع کی جارہی ہے کہ جون کے آخر تک یہ ٹارگٹ 950 ارب روپے سے زائد تک بڑھایا جائے گا۔

اس سے قبل 31نومبر کو نگران وفاقی حکومت نے ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی تھی لیکن پیٹرول کی قیمت میں کسی قسم کی کمی نہیں کی گئی تھی۔

اس سے قبل 15نومبر 2023 کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت 2 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024