• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

مصنوعی بارش کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے، محسن نقوی

شائع December 15, 2023
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسموگ کی وجوہات کے تعین کیلئےمزید تحقیق کی ضرورت ہے — فوٹو: ڈان نیوز
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اسموگ کی وجوہات کے تعین کیلئےمزید تحقیق کی ضرورت ہے — فوٹو: ڈان نیوز

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ مصنوعی بارش کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے لیکن مصنوعی بارش کے لیے تھوڑے بادل بھی چاہئیں جو ابھی نہیں ہیں، جبکہ پاکستان میں وہ اسٹڈی موجود ہی نہیں جو اسموگ کا پتا لگا سکے۔

لاہور میں سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ والٹن روڈ کے ٹریفک کے مسائل ڈی ایچ اے کے ساتھ مل کر حل کریں گے، والٹن روڈ کو مین بولیوارڈ سے منسلک کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے، امید ہے کہ 31 جنوری تک نئی بولیوارڈ مکمل ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ والٹن روڈ پر نیا پُل بنایا جارہا ہے جو لاہور برج کے ساتھ منسلک ہوگا، فیروز پور روڈ سے ایک نیا راستہ نکلے گا، اگلے چند دنوں میں کام شروع ہوجائے گا، سینٹرل ڈسٹرکٹ بزنس پنجاب (سی بی ڈی) بہت رفتار اور محنت کے ساتھ معیاری کام کر رہا ہے، ان شااللہ اگلی حکومت بھی عوامی فلاح کے پروجیکٹس شروع کرے گی، اشرافیہ کے لیے پرائیویٹ اور پبلک سطح پر تعمیراتی کام بند نہیں کرسکتے۔

’سکھ زائرین کو پنجاب میں بہترین سہولیات مہیا کریں گے‘

قبل ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کرتارپور راہداری سے منسلک ہوٹل پروجیکٹ کی منظوری بھی دی، ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (ٹی ڈی سی پی) کرتارپور میں درشن کے لیے 50 کمروں کا ہوٹل بنائے گا، صوبائی سیکریٹری ٹورزم راجا جہانگیر انور نے کرتارپور درشن ریزارٹ پر بریفنگ دی، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کرتارپور درشن ریزارٹ کا جامع پلان بھی طلب کرلیا۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سکھ زائرین کو پنجاب میں بہترین سہولیات مہیا کریں گے، محض مذہبی سیاحت نہیں بلکہ سکھ بھائیوں کو دل سے دعوت دیتے ہیں، فاروق آباد، ننکانہ صاحب اور کرتارپور میں زائرین کے لیے تمام تر ممکنہ سہولیات مہیا کی جائیں گی۔

کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کا دورہ

اس کے علاوہ آج محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، انہوں نے 5 روزہ انٹرنیشنل سائنٹیفک کانفرنس کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا، ساتھ ہی سرجیکل ٹاور کو ڈاکٹر فیصل مسعود کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے طلبہ اور اساتذہ کے اسٹالز کا جائزہ لیا، انہوں نے دماغ میں رسولی کی نشاندہی کرنے والے برین ٹیومر ڈیٹیکٹر او سی ٹی پائی تھون کا بھی معائنہ کیا، انہوں نے کنگ ایڈورڈ کے ڈاکٹرز کی تیار کردہ لیپرواسکوپی اسٹیملیٹر، اور ہوم ڈائلیسز مشین بھی دیکھی۔

ساتھ ہی نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شاٹیکا درد کے لیے تیار کردہ خصوصی مشین کا بھی جائزہ لیا، ان کو کنگ ایڈورڈ کے فارغ التحصیل بیرون ملک رہائش پذیر ڈاکٹرز نے ہزاروں ڈالر کی عطیات پیش کیں، کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج و یونیورسٹی کے لیے عطیات دینے والے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو شیلڈز بھی دی گئیں، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے طلبہ اور فیکلیٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے خطاب بھی کیا، خطاب کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر فیصل خالد مسعود گوندل، دیگر وائس چانسلرز، سیکریٹری ہیلتھ، دیگر ڈاکٹر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے، ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کا شعبہ عبادت کا شعبہ ہے جس کی جتنی قدر کریں کم ہے، دن رات کام کرنے والے ڈاکٹرز، نرسیں اور پیرا میڈیکل اسٹاف قابل تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز بیماری لگنے کے علم کے باوجود مریض کا علاج کرتے ہیں، نگران وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ بلوچستان میں کانگو وائرس سے ڈاکٹرز شہید ہوئے ہیں کیونکہ وہ مریضوں کا علاج کر رہے تھے، ڈاکٹرز جان کی پروا کیے بغیر روزانہ ہزاروں قسم کے مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم مجموعی طور پر ہسپتالوں کے 6 لاکھ مربع فٹ ایریا پر اپ گریڈیشن کا کام کر رہے ہیں، 31 جنوری تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل کر لیں گے، تمام بڑے ہسپتالوں کی حالت بہترین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جنرل، سروسز، وکٹوریا، ہولی فیملی اور دیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن میو ہسپتال کی طرز پر کی جارہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ اور نرسز کے ہاسٹلز کی حالت بری تھی، انہیں بھی اپ گریڈ کر رہے ہیں، ڈاکٹر اونر شپ نہیں لیں گے تو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پروجیکٹس ضائع ہو جائیں گے، ہسپتال اور میڈیکل کالج کی تزئین و آرائش ہو رہی ہے اسے ڈاکٹرز ہی برقرار رکھ سکتے ہیں، اگر ڈاکٹر اونر شپ لیں گے تو یونیورسٹی اور ہسپتال سالوں تک اچھی حالت میں رہیں گے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ہمارا فرض ہے، اسے ہم پورا کر رہے ہیں، بڑی امید ہے کہ ڈاکٹرز بھی اپنا فرض نبھائیں گے، کنگ ایڈورڈ پاکستان کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے، کنگ ایڈورڈ سے منسلک ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا، کنگ ایڈورڈ سے منسلک تمام ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024