• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

’ڈر، خوف اور خودکشی کے خیالات‘، صحیفہ جبار اپنی ذہنی حالت پر بات کرتے ہوئے رو پڑیں

شائع December 15, 2023
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ/ایکس
فائل فوٹو: اسکرین شاٹ/ایکس

ماڈل و اداکارہ صحیفہ جبار خٹک اپنے ذہنی مسائل اور ڈپریشن پر بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں، انہوں نے انکشاف کیا کہ شوہر کے بغیر اکیلے گھر رہتے ہوئے وہ شدید ڈر اور خوف محسوس کرتی ہیں یہاں تک کہ خودکشی کرنے کے خیالات بھی آئے۔

صحیفہ جبار نے 6 دسمبر 2017 کو دیرینہ دوست خواجہ خضر حسین سے شادی کی تھی، ان کی شادی کو 7 سال ہوچکے ہیں۔

صحیفہ جبار خٹک اس سے قبل بھی اپنے شدید ذہنی مسائل کا اعتراف کر چکی ہیں، جون 2023 میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ وہ روزانہ موت کی تمنا کرتی ہیں، وہ بہت ہی غمگین، مسائل سے دوچار، بے سکون اور مایوس ہیں۔

اداکارہ نے انسٹاگرام پوسٹ پر لکھا تھا کہ دراصل ان کی اپنی ذات سے لڑائی ہے، وہ اپنی وجہ سے ہی تکلیف کا شکار ہیں اور انہیں مذکورہ تکلیف سے اور کوئی آکر نہیں نکال سکتا، انہیں خود ہی اپنا درد برداشت کرنا ہے اور اس سے باہر آنا ہے۔

گزشتہ روز ایک بار پھر انہوں نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو اپلوڈ کی جہاں وہ اپنی ذہنی حالت اور ڈپریشن پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ محسوس کیا ہے کہ یہ دنیا مہربان نہیں ہے، لیکن بُرے وقتوں میں ہم ان چند دوستوں کو کال کرسکتے ہیں جو ہمارے لیے اچھا سوچتے ہیں’۔

اداکارہ نے کہا کہ ’میں اس دوست کا نام نہیں لینا چاہوں گی لیکن میں نے کچھ روز اپنے دوست کو کال کرتے ہوئے کہا کہ میں خودکشی کررہی ہوں، میں نے 13 گولیاں کھا لی ہیں، میں اپنے ساتھ کچھ بھی کرسکتی ہوں، خضر (شوہر) بھی یہاں نہیں ہیں، مجھے بہت ڈر لگ رہا ہے، مجھے کسی کی ضرورت ہے جو میرے ساتھ ہو۔‘

صحیفہ جبار نے کہا کہ یہ باتیں سن کر ان کے دوست فوری ان کے پاس پہنچ گئے، ’میں نے سوچا اگر چند گھنٹوں میں میرا دوست نہ پہنچتا تو میں اپنے ساتھ کچھ بھی کرسکتی تھی، اب جب میں سوچتی ہوں تو یہ انتہائی تکلیف دہ اور خوفناک رات تھی۔‘

اداکارہ نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ ’میں نے سوچا اگر خضر میرے پاس ہوتے تو میں بہتر محسوس کرتی لیکن ابھی تک ایسا کچھ نہیں ہوا، جب میں کینیڈا میں تھی تب بھی ایسا ہوا تھا، مجھے ٹھیک ہونے میں 10 سے 12 دن لگے تھے۔‘

صحیفہ جبار نے قدرے لمبی سانسیں لیتے اور آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ ’میں واقعی بہت خوف محسوس کرتی ہوں کہ میں کسی بھی وقت اپنے ساتھ کچھ بھی کرلوں گی۔‘

انہوں نے کہا کہ دنیا بہت عجیب جگہ ہے، جب ہم کیمرا کے سامنے اپنی ذہنی حالت کے بارے میں بات کرتے ہیں تو لوگ طعنے دیتے ہیں، لوگ تنقید کرتے ہیں کہ اداکاری کررہی ہے، توجہ حاصل کرنے کا یہ بہت اچھا طریقہ ہے۔’

صحیفہ جبار خٹک نے کہا کہ اگر آپ مجھ سے پوچھیں جہاں میں اس وقت ذہنی مسائل سے دوچار ہوں، کیمرا آن کرکے اپنی ذہنی حالت کے بارے میں بات کرنا آسان نہیں ہے۔’

اداکارہ نے غزہ میں ہونے والی تباہی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’آج جو دنیا میں ہورہا ہے وہ بہت تکلیف دہ اور پریشان کن ہے، سوشل میڈیا اسکرول کرتے ہوئے کوشش کرتی ہوں کہ ایسی ویڈیوز مجھے نظر نہ آئیں، کئی بار اپنا کونٹینٹ شئیر کرنے کی کوشش کی۔‘

صحیفہ جبار نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ ’دنیا ایک افراتفری کی جگہ بن گئی ہے جہاں لوگ ایک دوسرے کے خیرخواہ اور رحم دل نہیں رہے، بے بسی کی سب سے بُری سطح تب آتی ہے جب آپ کسی اور کو بتاتے ہیں کہ میں بے بس محسوس کررہی ہوں اور مجھے مدد کی ضرورت ہے، اگر اس وقت مجھے مدد نہ ملی تو میرے ساتھ کچھ بھی بُرا ہوسکتا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ لوگ تبصرہ کرتے ہیں کہ ہم یہ صرف ریٹنگ اور ویوز کی خاطر کررہے ہیں انہیں نہیں معلوم کہ ہمارے ساتھ کیا گزر رہی ہے۔

آخر میں اداکارہ نے امید ظاہر کرتے ہیں کہ ’مجھے امید ہے کہ ایک دن یہ دنیا سب کے لیے بہتر جگہ بنے۔‘

اداکارہ کی پوسٹ پر ایک سوشل میڈیا صارف نے سوال پوچھا کہ آپ اپنے شوہر کے ساتھ کیوں نہیں رہتیں؟

جس پر صحیفہ جبار نے جواب دیا کہ ’میرے شوہر ابھی کینیڈا سے واپس آئے ہیں، وہ وہاں اپنی تعلیم مکمل کررہے تھے اور اب نوکری کررہے ہیں، وہ مجھے کسی بھی طرح سے تبدیل نہیں کرنا چاہتے، وہ میرے لیے صرف ایک چیز چاہتے ہیں کہ میں جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رہوں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ وہ میرے والد کے بعد سب سے زیادہ سخی آدمی ہیں، ویڈیو کے دوران میں اپنی فیملی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس لیے رک گئی کیونکہ میری ذہنی صحت میرے گھر والوں پر بھی اثر انداز ہو رہی ہے، جب میں تکلیف میں ہوتی تو وہ بھی تکلیف میں ہوتے ہیں۔’

اس کے علاوہ کمنٹ سیکشن میں دیگر سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بہتر ذہنی حالت کے لیے دعا کی۔

مداحوں کی کمنٹس پر صحیفہ جبار نے لکھا کہ ’اللہ ہم پر بہت مہربان ہیں، آج ہمارے پاس جتنی دولت ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، یہ صرف اللہ کا دعا ہوا ہے اور ہم سب شکر گزار ہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اللہ کا بہت کرم ہے لیکن مجھے نہیں معلوم کہ میری ذہنی صحت دن بدن کیوں خراب ہوتی جارہی ہے، نماز اور قرآن پاک بھی روزانہ پڑھتی ہوں، لیکن نہیں معلوم کہ میرے اندر ایسا کیا ہے جو مجھے پُرسکون رہنے نہیں دے رہا۔‘

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ’میری فیملی میرا سپورٹ سسٹم ہے اور وہ اس وقت ملک سے باہر رہتے ہیں۔‘

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ وہ ہر وقت کام چھوٹ جانے کا خوف، دوستوں کو کھونے سے، سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید سے ہر وقت خوفزدہ نہیں ہونا چاہتیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں اب اپنی ذہنی صحت پر بات کرتے ہوئے شرم محسوس نہیں کرتی، یہ دنیا ایک ایسی جگہ بن گئی ہے جہاں رہنا مشکل ہے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’میں نے رواں سال جون میں بھی یہ بات کہی تھی اور آج دوبارہ کہتی ہوں کہ دنیا سے محبت، ہمدری، رحم دلی کیوں ختم ہوگئی ہے، میں صرف 31 برس کی ہوں اور گھبراہٹ، پریشانی، انزائٹی اور بریک ڈاون سے تھک چکی ہوں، ایسی کیا چیز ہے جو اس دنیا کو ایک بہتر جگہ بنا سکے؟



کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024