• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 11:46am Asr 3:33pm
  • ISB: Zuhr 11:51am Asr 3:34pm

’میں ہی بھارت کو شکست دوں گی‘، یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب‘ کا ٹریلر جاری

شائع December 11, 2023
فوٹو: آسکرین شاٹ
فوٹو: آسکرین شاٹ

ٹی وی کی مقبول اداکارہ یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم ’نایاب‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے فلم کی ریلیز کا اعلان کردیا گیا ہے، ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ویمن قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے لیے نایاب خاندانی اور سماجی مسائل کے علاوہ دیگر کئی مشکلات سے گزرتی ہیں۔

’نایاب‘ میں یمنیٰ زیدی نایاب نامی مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی جو کہ بچپن سے ہی کرکٹر بننا چاہتی ہیں لیکن خاندان اور سماجی مسائل کی وجہ سے اسے مشکلات درپیش آتی ہیں۔

فلم کے کردار نایاب کا تعلق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے ہوتا ہے اور فلم میں ان کے علاوہ جاوید شیخ، عدنان صدیقی، اسامہ خان اور محمد فواد خان سمیت فریال محمود بھی دکھائی دیں گی۔

جاوید شیخ نے نایاب کے والد کا کردار ادا کیا ہے جہاں وہ نایاب کے کرکٹ کھیلنے کے خلاف ہیں جبکہ بھائی کا کردار محمد فواد خان نے ادا کیا ہے جہاں وہ کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے سے قومی ٹیم میں سلیکشن تک نایاب کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔

گزشتہ روز فلم ’نایاب‘ کا ٹریلر جاری ہوا، 2 منٹ 43 سیکنڈ کے ٹریلر کے آغاز میں نایاب کے بھائی ویمن کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے کے لیے والد سے اجازت لے رہے ہوتے ہیں۔

فوٹو: آسکرین شاٹ
فوٹو: آسکرین شاٹ

ٹریلر کا آغاز نایاب کے بھائی کے ساتھ ہوتا ہے جہاں وہ والد سے نایاب کے ویمن کرکٹ اکیڈمی جوائن کرنے کی اجازت مانگ رہے ہوتے ہیں، لیکن ان کے والد منع کردیتے ہیں۔

ٹریلر کے دوران نایاب کا ڈائیلاگ بھی ہے جہاں وہ اپنے بھائی کو اکا پکارتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’اکا تم سمجھ نہیں رہے ہو، پوری زندگی گلی کرکٹ نہیں کھیلنی، یہ نیشنل لیول کا ٹرائل ہے اکا‘۔

اس ٹریلر کے دوران نایاب کو کرکٹ کھیلتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے، اس کے علاوہ فریال محمود کو رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

دوران ٹریلر نایاب کی دوست سوال پوچھتی ہے ’کرکٹ کھیل کر کیا اکھاڑ لو گی؟‘ جس پر نایاب جواب دیتی ہے کہ ’ضروری نہیں کہ کچھ اکھاڑنا ہو تبھی کچھ کروں اور جب اکھاڑوں گی تب دیکھ لینا۔‘

اس دوران اداکار عدنان صدیقی بظاہر ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ کے طور پر کردار کرتے دکھائی دیں گے، ٹریلر میں ان کا بھی ایک ڈائیلاگ ہے جہاں وہ ویمن کرکٹ ٹیم کا اعتماد بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’آپ لوگوں سے کوئی نہیں پوچھے گا کہ لڑکوں کے مقابلے میں کس نے کتنا سپورٹ کیا یا نہیں‘۔

فوٹو: آسکرین شاٹ
فوٹو: آسکرین شاٹ

اس دوران کرکٹ اکیڈمی میں پریکٹس کے دوران ایک خاتون کھلاڑی نایاب کو کہتی ہیں کہ یہاں صلاحیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ پسندیدگی کی بنیاد پر سلیکشن ہوتی ہے۔

ٹریلر کے دوران یہ بھی دکھایا گیا کہ جاوید شیخ نایاب کے بھائی کو اعلیٰ نوکری کے حصول کے لیے کینیڈا جانے پر مجبور کرتے ہیں۔

ٹریلر میں گھریلو جھگڑے، کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی سلیکشن میں ہونے والی سیاست جیسے مسائل کو بھی دکھایا گیا اس کے علاوہ گولیاں چلتے، نایاب کی ساتھی کھلاڑیوں سے لڑائی کے مناظر بھی دکھائے گئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نایاب کی نیشنل ٹیم میں سلیکشن کے دوران کئی مشکل مراحل سے گزرتی ہے۔

اس دوران محمد احتشام الدین نے منفی کردار ادا کیا ہے ، ٹریلر کے آخر میں وہ نایاب کو کہتے ہیں کہ ’ساری زندگی پرفارم کر کے تھک جاؤگی لیکن ٹیم میں جگہ نہیں بنا پاؤ گی۔‘ جس کے بعد نایاب کے غصے سے بیٹ پھیکنے کے مناظر دکھائے گئے۔

بعدازاں ان کے والد دھمکی دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ کرکٹ کا بھوت اپنے سَر سے اتار دو البتہ ان کے بھائی نیشنل ٹیم میں سلیکشن کے لیے نایاب کا ہمیشہ ساتھ دیتے ہیں اور اعتماد دیتے ہیں۔

یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم اگلے سال 26 جنوری کو پاکستان کے تمام سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی—فوٹو: آسکرین شاٹ
یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم اگلے سال 26 جنوری کو پاکستان کے تمام سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی—فوٹو: آسکرین شاٹ

ٹریلر کا اختتام نایاب کے ڈائلاگ سے ہوتا ہے جہاں وہ اپنے بھائی کو کہتی ہیں کہ ’تم دیکھنا، میں ہی بھارت کو شکست دوں گی‘۔

’نایاب‘ کی ہدایات عمیر ناصر علی نے دی ہیں جب کہ اسے رومینا عمر اور عمیر عرفانی نے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی زیادہ تر شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کی گئی ہے، تاہم اس کے متعدد مناظر لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی فلمائے گئے ہیں۔

یمنیٰ زیدی کی ڈیبیو فلم اگلے سال 26 جنوری کو پاکستان کے تمام سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024