ٹیلر سوئفٹ، ٹائم میگزین کی پرسن آف دی ایئر قرار
مقبول امریکی پاپ گلوکارہ 33 سالہ ٹیلر سوئفٹ کو معروف امریکی جریدے ’ٹائم میگزین‘ نے پرسن آف دی ایئر قرار دے دیا۔
ٹائم میگزین 1927 سے ہر سال دسمبر میں پرسن آف دی ایئر یعنی سال کی بہترین شخصیت کا اعلان کرتا آرہا ہے۔
گزشتہ برس میگزین نے یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی جب کہ 2021 میں ایلون مسک کو پرسن آف دی ایئر قرار دیا تھا۔
ٹائم میگزین نے سال 2023 کے لیے امریکی پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ کو پرسن آف دی ایئر قرار دیتے ہوئے موسیقی میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے ٹیلر سوئفٹ نے بتایا کہ انہوں نے کم عمری میں ہی گلوکاری کا آغاز کیا تھا جب کہ 17 سال کی عمر میں انہوں نے پہلا عالمی ٹور کیا تھا۔
گلوکارہ نے محض 14 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 10 گریمی ایوارڈز سمیت کئی اعلیٰ میوزک ایوارڈ جیت رکھے ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ 2019 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 شخصیات میں پہلے نمبر پر تھیں جب کہ سال 2020 میں وہ اسی فہرست میں 25 ویں نمبر پر رہیں۔
انہوں نے گلوکاری، اداکاری اور موسیقی میں خدمات دینے کی وجہ سے اب تک 40 کے قریب ایوارڈز جیت رکھے ہیں۔
ٹیلر سوئفٹ نے اب تک 8 میوزک ایلبمز ریلیز کیے ہیں، انہوں نے آخری اسٹوڈیو ایلبم 2020 میں کورونا کی وبا کے دوران ریلیز کیا تھا، جس میں 16 گانے شامل تھے۔
اس سے قبل اگست 2019 میں ٹیلر سوئفٹ کا ساتواں ایلبم ریلیز ہوا تھا، ان کے ساتویں ایلبم میں 18 گانے شامل تھے۔
ٹیلر سوئفٹ نے چھٹا میوزک ایلبم ’ریپیوٹیشن‘ 2017 میں ریلیز کیا تھا اور گلوکارہ نے ماضی کے تمام چھ ایلبم ایک ہی لیبل کمپنی ’بگ مشین‘ کے تحت ریلیز کیے۔
پاپ گلوکارہ نے پانچواں میوزک ایلبم ’1989‘ اپنی پیدائش کے سال کے نام سے 2014 میں جاری کیا اور اس ایلبم نے بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔
ٹیلر سوئفٹ نے اپنا چوتھا ایلبم ’ریڈ‘ 2012 میں جاری کیا جب کہ تیسرا اسٹوڈیو ایلبم ’اسپیک ناؤ‘ اکتوبر 2010 میں ریلیز کیا تھا۔
انہوں نے دوسرا ایلبم ’فیئرلیس‘ 2008 میں ریلیز کیا اور اسی ایلبم نے بھی گلوکارہ کے پہلے ایلبم کی طرح کافی شہرت حاصل کی۔
گلوکارہ نے پہلا میوزک ایلبم ’ٹیلر سوئفٹ‘ کے نام سے 17 برس کی عمر میں 2006 میں ریلیز کیا تھا، جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی۔