• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

تھیٹر میں میاں بیوی کا کردار ادا کرنے کے بعد حقیقت میں شادی کی، ماہم عامر

شائع December 4, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

شوبز کی مقبول اور رومانوی جوڑی ماہم عامر اور فیضان شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ دونوں نے پہلے تھیٹر میں میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا، جس کے بعد فوری پر حقیقت میں بھی شادی کرلی۔

حال ہی میں دونوں میاں اور بیوی مزاحیہ پروگرام ’حد کردی‘ میں شریک ہوئے، جہاں دونوں نے حقیقی زندگی سمیت شوبز پر کھل کر باتیں کیں۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں ماہم عامر نے انکشاف کیا کہ شوہر فیضان شیخ سے قبل انہیں بھی ریئلٹی گیم شو ’تماشا گھر‘ میں کام کرنے کی پیش کش ہوئی تھی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شوہر سے قبل انہیں پیش کش کی گئی تھی لیکن بیٹی کے کم عمر ہونے کی وجہ سے انہوں نے پروگرام میں شرکت سے انکار کیا، جس کے بعد فیضان شیخ کو پیش کش کی گئی۔

پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں فیضان شیخ نے بتایا کہ دونوں اپنی مرضی سے کام کرتے ہیں، کوئی ایک دوسرے کو نہیں روکتا جب کہ کسی بھی ڈرامے یا منصوبے میں کام کرنے کا بھی ہر کسی کا آخری فیصلہ اپنا ہوتا ہے۔

اسی پر ماہم عامر کا کہنا تھا کہ دونوں ایک دوسرے سے مشورہ ضرور کرتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ ہر کسی کا اپنا ہوتا ہے۔

اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ جیسے ان کے شوہر شادی سے پہلے تھے، ویسے ہی ہیں، ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

فیضان شیخ کے مطابق وہ جس طرح پہلے ماہم عامر سے محبت کرتے تھے یا ان کی جس طرح عزت کرتے تھے، اب بھی ویسے ہی کرتے ہیں۔

والدہ کے شوبز میں ہونے اور ان کا فائدہ اٹھانے کے معاملے پر بات کرتے ہوئے فیضان شیخ کا کہنا تھا کہ والدہ کے شوبز میں ہونے کی وجہ سے انہیں یہ فائدہ ہوا کہ ان کے لیے انڈسٹری میں کام کرنا مشکل نہیں بنا، انہیں ہر چیز کا پتا تھا۔

ان کے مطابق وہ والدہ کے ہمراہ جایا کرتے تھے، معین اختر اور عمر شریف کو ریہرسل کرتے ہوئے بھی دیکھا کرتے تھے، ان کے سامنے ہی تھیٹر سمیت ڈراموں کی تیاری ہوتی تھی، اس لیے ان کے لیے شوبز کی چیزیں نئی نہیں تھیں۔

انہوں نے شوبز میں انٹری کے حوالے سے والدہ کے نام کا فائدہ اٹھانے کا انکار کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنی محنت سے جگہ بنائی، البتہ والدہ سے رہنمائی لیتے رہے۔

فیضان شیخ کے مطابق اگر وہ والدہ سے مدد لے کر شوبز میں کام کرتے رہتے تو اب تک پتا نہیں کہاں پہنچ چکے ہوتے۔

پروگرام کے دوران شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ماہم عامر نے بتایا کہ دونوں کی پہلی ملاقات ایک تھیٹر کے آڈیشن کے دوران ہوئی، جہاں وہ آڈیشن دینے گئی تھیں۔

فیضان شیخ نے بتایا کہ وہ ماہم عامر کا آڈیشن دیکھ رہے تھے، وہ پہلے ہی تھیٹر کے مرکزی کردار کے لیے فائنل ہوچکے تھے، انہوں نے ہدایت کار کو مشورہ دیا کہ لڑکی اچھی پرفارمنس دے رہی ہیں، انہیں کاسٹ کرکے دیکھتے ہیں۔

ماہم عامر کے مطابق تھیٹر میں دونوں نے میاں اور بیوی کا کردار ادا کیا، انہوں نے تھیٹر میں فیضان شیخ کی پہلی بیوی کا کردار کیا تھا جب کہ تھیٹر ان کے شوہر دو شادیاں کرتے ہیں۔

فیضان شیخ کے مطابق تھیٹر میں شادی شدہ جوڑے کا کردار ادا کرنے کے بعد دونوں نے شادی کرلی۔

ماہم عامر کا کہنا تھا کہ ڈرامے میں میاں اور بیوی بننے کے بعد وہ حقیقت میں بھی شریک حیات بنے اور ہدایت کار آج تک انہیں بولتے ہیں کہ ان کی وجہ سے ہی ان کی شادی ہوئی۔

دونوں نے اگست 2018 میں شادی کی تھی اور دونوں کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے، ان کے ہاں اگست 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024