• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

ایپکس کمیٹی کا اجلاس، دوست ممالک سے رابطے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری

شائع November 25, 2023
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر سربراہی منعقد ہوا— فوٹو: اے پی پی
خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر سربراہی منعقد ہوا— فوٹو: اے پی پی

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی نے متفقہ طور پر دوست ممالک کے ساتھ رابطے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دے دی۔

سرکاری خبر ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق دوست ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس جمعے کو نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر سربراہی منعقد ہوا جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، نگران وفاقی وزرا اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

کمیٹی نے تعاون کی موجودہ سطح کا جائزہ لیتے ہوئے متفقہ طور پر دوست ممالک کے ساتھ رابطے کے لیے مختلف اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے ان اقدامات کے تحت ترتیب دیے گئے مختلف منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد کی ہدایت کی۔

نگران وزیر اعظم نے تعاون کے ممکنہ شعبوں کی نشان دہی کے لیے متعلقہ وزارتوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے تمام شراکت داروں کو طویل المدتی اقتصادی منافعے کے حصول کی ہدایت کی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے حکومت کے معاشی اقدامات کی حمایت کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی یقین دہانی کرائی۔

پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کے لیے 7 مفاہمتی یاد داشتوں کی منظوری

دوسری جانب وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کے لیے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دے دی، جن پر نگران وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔

خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت، پاکستان میں مختلف شعبوں کے ان 7 منصوبوں پر 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان اور کویت کے مابین سرمایہ کاری کے لیے 7 مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی گئی جن پر وزیر اعظم کے دورہ کویت کے دوران دستخط کیے جائیں گے۔

اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی کوششوں کے نتیجے میں کویت پاکستان میں مختلف شعبوں کے 7 منصوبوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔

ان منصوبوں میں آبی ذخائر کی توسیع، کان کنی کی سہولیات، ساحلی علاقوں کے لیے تمر کے جنگلات کی حفاظت اور توسیع، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے اور تحفظ خوراک کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی سطح پر دستخط ہونے والی ان مفاہمتی یادداشتوں میں صوبوں کے ساتھ تعاون یقینی بنایا جائے تاکہ ان منصوبوں کی جلد اور شفاف طریقے سے تکمیل ہو سکے۔

وفاقی کابینہ نے 14 نومبر 2023 کو منعقد ہونے والے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی امور کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے ساتھ ساتھ 15 نومبر 2023 کو منعقد ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024