زیب کا بولی وڈ ڈیبیو

شائع September 9, 2013

زیب النساء۔— انٹرنیٹ فوٹو
زیب النساء۔— انٹرنیٹ فوٹو

پاکستان میں زیب اینڈ ہانیہ نامی بینڈ سے شہرت حاصل کرنے والی خاتون گلوکار زیب النساء بنگش نے اب بولی وڈ کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔

زیب کے نام سے مشہور زیب النساء نے جان ابراہم کی حقیقی سیاسی واقعات پر مبنی فلم 'مدراس کیفے' کے لیے گانا 'جیسے ملے اجنبی' گایا ہے۔

اس گانے کی دھن شنتانو موئترا نے ترتیب دی ہے جو اس سے پہلے کوک اسٹوڈیو کے ساتھ ساتھ کامیاب فلموں 'پرینیتا' اور 'تھری ایڈیٹس' کی بھی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں۔

اس گانے کے بول بلال سمیع کے ہیں۔ شانتو اس سے پہلے بھی زیب کے ساتھ ایک انڈین میوزک شو کے لیے گانا 'کیا خیال ہے' کر چکے ہیں۔

اداکار و پروڈیوسر جان ابراہم کی 'مدراس کیفے' میں جنگ اور تشدد سے پیدا ہونے والے خطرات کی منظر کشی کی گئی ہے۔

فلم کا نام اُس مدراس کیفے سے ماخوذ ہے جہاں سابق ہندوستانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔

فلم میں جان بوجھ کر گانوں اور ڈانس کو نظر انداز کیا گیا ہے جو کہانی کی نوعیت کے مطابق درست فیصلہ معلوم ہوتا ہے۔

اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی زیب کا شمار اب ان پاکستانی گلوکاروں (نازیہ حسن، عاطف اسلم، شفقت امانت علی، راحت فتح علی خان) میں ہونے لگا ہے جو سرحد پار اپنی آواز کا جادو جگا رہے ہیں۔

ان کے بینڈ کی دوسری رکن ہانیہ جہاں ان دنوں کینیڈا میں موسیقی کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں وہیں زیب بولی وڈ کی پلے بیک سنگنگ میں اپنا جگہ بنانے کی کوششوں میں مصرف ہیں۔

پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیاسی تنازعات کو مدنظر رکھیں تو یہ جان کر بہت خوشی ہوتی ہے کہ اب تک فن ان معاملات سے آزاد ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024