• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

سینیٹ اجلاس: ’ریٹائرڈ فوجی و سول افسران باہر ڈالرز میں پنشن کیوں لے رہے ہیں‘

شائع November 24, 2023
رضا ربانی نے کہا کہ حکومت کی شاہ خرچیاں بڑھ گئی ہیں — فائل/ فوٹو: اے پی پی
رضا ربانی نے کہا کہ حکومت کی شاہ خرچیاں بڑھ گئی ہیں — فائل/ فوٹو: اے پی پی

نگران وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اسٹیٹ بینک ملازمین کی تنخواہوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردیں جہاں سینیٹرز نے تنقید کا اظہار کیا اور رضا ربانی نے کہا کہ 164 ریٹائرڈ فوجی اور سول افسران باہر ڈالرز میں پنشن لے رہے ہیں، اس کا کیا جواز ہے۔

سینیٹ اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت ہوا جہاں وزارت خزانہ کی جانب سے اسٹیٹ بینک کے ملازمین کی تنخواہ اور پنشن کے اسٹرکچر کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں۔

سینیٹ کو بتایا گیا کہ مرکزی بینک کے ملازمین کی تعداد ایک ہزار 178 ہے، جن میں افسر گریڈ (او جی) 8 میں 16 ملازمین ہیں، جن کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ 39 لاکھ 35 ہزار روپے ماہانہ اور پینشن 11 لاکھ 95 ہزار روپے ہے، او جی 7 کے 31 ملازمین ہیں، ان کی تنخواہ 25 لاکھ اور پینشن 9 لاکھ 74 ہزار روپے ہے، او جی 6 کے 60 ملازمین ہیں، جن کی تنخواہ 15 لاکھ اور پینشن 8 لاکھ روپے ہے۔

مزید بتایا گیا کہ گریڈ 4 کے 266 ملازمین کی زیادہ سے زیادہ ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 76 ہزار اور پینشن 6 لاکھ 38 ہزار روپے تک ہے، گریڈ 3 کے 286 ملازمین کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ 2 لاکھ 91 ہزار اور پینشن 4 لاکھ 91 ہزار تک ہے، گریڈ 2 کے 286 ملازمین کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ ایک لاکھ 85 ہزار اور پینشن 4 لاکھ 29 ہزار روپے تک ہے جبکہ گریڈ ون کے 4 ملازمین کی زیادہ سے زیادہ تنخواہ ایک لاکھ 11 ہزار روپے اور پینشن 2 لاکھ 283 ہزار روپے تک ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے مینجمنٹ پوزیشن کے تنخواہوں کے پیکج پر توجہ دلاؤ نوٹس پر کہا کہ ایک طرف عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کے کہنے پر بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں تو دوسری طرف حکومت کی شاہ خرچیاں بڑھ گئی ہیں، اشرافیہ کی تنخواہ اور مراعات بے حساب بڑھائی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے پارلیمنٹ پیسہ کھا گئی ہے، پیسہ پارلیمنٹ نے کھایا ہے یا سول بیوروکریسی کھا رہی ہے، 164 ریٹائرڈ فوجی اور سول افسران جو باہرہیں، ڈالرز میں پنشن لے رہے ہیں، اس کا کیا جواز ہے؟

انہوں نے کہا کہ پھر کہا جاتا ہے 18ویں ترمیم، این ایف سی اور صوبے سارے پیسے کھا گئے، 10 سال ہو گئے کوئی این ایف سی نہیں ہوا، رضا ربانی نے تنبیہ کی کہ اگر وفاق کی شاہ خرچیاں کنٹرول نہیں ہوئیں، بیوروکریسی کی تنخواہ کو کنٹرول نہیں کیا گیا تو ہم صوبوں سے مطالبہ کریں گے کہ وہ ٹیکس اکٹھا کریں اور پھر صوبے وفاق کو پیسہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمان کی تنخواہ ایک لاکھ 60 ہزار روپے ہے، وزارت خزانہ نے ایم پی ون، ٹو اور تھری کی تنخواہیں بڑھا دی ہیں، ایم پی ون اسکیل کی تنخواہ 8 لاکھ روپے سے 10 لاکھ روپے ماہانہ ہو گئی، مراعات کے ساتھ وہ 11 لاکھ روپے تک ماہانہ لے کر جا رہے ہیں، ایم پی ٹو کی تنخواہ اب 3 لاکھ 70 ہزار روپے سے بڑھ کر 6 لاکھ روپے ہوگئی ہے اور ایم پی تھری کی ماہانہ تنخواہ 24 لاکھ سے 33 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔

شمشاد اختر نے بتایا کہ ایم پی اسکیل اس لیے لائے تھے کہ نجی شعبے سے پیشہ ور افراد کو لائیں جو سرکاری شعبے کی مدد کریں، ان کے پیکجز پر حکومتوں نے نظر ثانی کی، اس وقت توانائی اور فنانس میں ٹیکنکل مسائل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہم سے مطالبہ کیا گیا کہ ڈھانچہ جدید بنائیں اس لیے ہم یہ ایم پی اسکیل لائے تھے۔

سینیٹر پلوشہ خان نے سوال کیا کہ ایک ایک ملازم کی تنخواہ 40 لاکھ روپے ہے، انہوں نے کون سا ایسا کام کیا ہے کہ ان کی تنخواہیں اتنی زیادہ ہے؟

شمشاد اختر نے بتایا کہ دنیا بھر میں سینٹرل بینک کا سیلری اسٹرکچر سب سے مختلف ہوتا ہے، بینکنگ سیکٹر کی تنخواہیں بہت بڑھ چکی ہیں، اس لیے ضروری تھا کہ اسٹیٹ بینک کے ملازمین کی تنخواہیں بھی اچھی ہوں۔

ڈیم فنڈ کی تفصیلات بھی سینیٹ میں پیش

نگران وزیر خزانہ نے سینیٹ میں اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ جولائی تک چیف جسٹس-وزیر اعظم ڈیم فنڈ میں 11 ارب 46 کروڑ روپے تک جمع ہوچکے تھے۔

اس فنڈ پر سرکاری منافع کی صورت میں 6 ارب 29 کروڑ روپے موصول ہو چکے ہیں، اس وقت فنڈ میں 17 ارب 86 کروڑ روپے جمع ہو چکے ہیں، اب تک اکاؤنٹ سے کوئی رقم نہیں نکالی گئی، رقم صرف عدلیہ کے فیصلے پر ہی نکالی جا سکتی ہے۔

یاد رہے کہ یہ ڈیم فنڈ جولائی 2018 میں اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے قائم کیا تھا اور سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر خاص طور پر ان 2 آبی ذخائر کی تعمیر کے لیے عطیات کی درخواست کی گئی تھی، اس ہدایت کے ساتھ ہی چیف جسٹس نے اپنی جانب سے 10 لاکھ روپے ڈیم فنڈ میں عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس وقت کے وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بھی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے شروع کی گئی چندہ مہم میں ان کی حمایت کی تھی اور اس مہم کو ملک میں قلت آب پر قابو پانے کے لیے مشترکہ منصوبہ بنالیا تھا۔

مارچ 2019 تک ڈیم فنڈ میں 10 ارب روپے جمع کرائے گئے تھے جب کہ مبینہ طور پر اس فنڈ کی تشہیر پر 13 ارب روپے خرچ کیے گئے تھے۔

بعد ازاں، قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سال 2022 کے شروعات میں ثاقب نثار کو فنڈ سے متعلق وضاحت کے لیے طلب کیا تھا لیکن وہ کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024