امام الحق کی شادی کی تقریبات کا آغاز، بابراعظم سمیت دیگر کرکٹرز کی شرکت
قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بلے باز امام الحق کی شادی کی تقریب کا آغاز ہوچکا ہے، گزشتہ رات قوالی نائٹ کی تقریب میں بابراعظم سمیت دیگر کھلاڑیوں نے شرکت کی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔
کرکٹر امام الحق انمول محمود کے ساتھ جلد ہی شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہیں جن کی 21 نومبر کو ناورے میں مہندی کی تقریب ہوئی تھی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انمول محمود نے اپنی ناروے میں لیے گئے فوٹوشوٹ کی تصاویر شئیر کی تھیں۔
اب گزشتہ روز لاہور میں قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، امام الحق نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی انمول محمود کے ساتھ تصاویر شئیر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ وہ قوالی نائٹ کے لیے تیار ہیں۔
قوالی نائٹ کے لیے انمول محمود نے سلور رنگ کا جوڑا جبکہ امام الحق نے نیلے رنگ کے کرتا پاجاما کا انتخاب کیا۔
تقریب میں پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم کو امام الحق سے گلے ملتے بھی دیکھا گیا۔
اس موقع پر بابر کے ساتھ پاکستانی کرکٹرز عثمان قادر، سرفراز احمد، کامران اکمل اور سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق، وقار یونس، اظہر علی بھی موجود تھے۔
ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرفراز احمد کے ہمراہ دیگرکھلاڑی قوالی نائٹ انجوائے کررہے ہیں۔
ایک اور ویڈیو کلپ میں امام الحق استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی ’کالی کالی زلفوں کے پھندے نہ ڈالو‘ بھی گنگنا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امام الحق کی نکاح کی تقریب 25 نومبر اور ولیمہ 26 نومبر کو شیڈول ہے۔
دوسری جانب پھول نگر میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی شادی کی تیاریوں میں مصروف ہیں، ان کی مہندی کی تقریب کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں۔
تقریب میں قریبی دوستوں اور رشتہ داروں نے شرکت کی، میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے ولیمے کی تقریب 26 نومبر کو ہوگی۔
قبل ازیں رواں سال قومی ٹیم کے متعدد کرکٹرز شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں جن میں حارث رؤف، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، شاداب خان شامل ہیں۔