• KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:22pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:58am Asr 3:22pm

ذاتی مقاصد کے لیے مایوسی پھیلانے والے عناصر کو شکست دی جائے گی، پاک فوج

شائع November 24, 2023
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فلسطین کے عوام کی غیرمتزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کا اظہار کیا گیا— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں فلسطین کے عوام کی غیرمتزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کا اظہار کیا گیا— فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

آرمی چیف کی زیر قیادت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں کہا گیا ہے کہ ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے ملک میں مایوسی پھیلانے والے عناصر کو عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جی ایچ کیو میں 82ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔

فورم نے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پاکستانی شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

شرکا کو پیشہ ورانہ امور، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور روایتی اور غیر روایتی سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا مجموعی جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشاروں پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی مدد کرنے والوں سے ریاست کی پوری طاقت سے نمٹنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے ابھرتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے آپریشنل تیاریوں کے ساتھ ساتھ فارمیشنز کی جانب سے برقرار رکھے گئے تربیت کے اعلیٰ معیار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطین کے عوام کی غیرمتزلزل سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ وہ دو ریاستی حل کی حمایت کرتا ہے، جس کی بنیاد 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ہے اور جس کا دارالحکومت القدس شریف ہے۔

شرکا نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں پر جاری ظلم و جبر پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

فورم نے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مسئلے کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت کی فراہمی میں مضمر ہے۔

کانفرنس نے معیشت کی پائیدار بحالی اور اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی کی چوری، ون ڈاکیومنٹ رجیم کے نفاذ، غیر قانونی غیر ملکیوں کی باوقار طریقے سے وطن واپسی اور قومی ڈیٹا بیس کی حفاظت سمیت غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے مختلف شعبوں میں حکومت کے اقدامات کی مکمل حمایت کا عزم ظاہر کیا۔

آرمی چیف کی زیر صدارت اجلاس میں فورم نے نوٹ کیا کہ ملک کو درپیش چیلنجوں کے باوجود حالیہ مہینوں میں پاکستان بھر میں امید، استحکام اور اعتماد کا بڑھتا ہوا احساس دیکھنے کو ملا ہے اور ذاتی مقاصد کے حصول کے لیے ملک میں مایوسی پھیلانے والے عناصر کو مستقل مزاجی اور مسلسل مثبت اقدامات کے ذریعے پاکستان کے عوام کی حمایت سے شکست دی جائے گی۔

کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فوج پائیدار استحکام اور سلامتی کی جانب اس سفر میں ہر ممکن طریقے سے قوم کا دفاع اور خدمت جاری رکھے گی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024