• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

’خواجہ سرا‘ کا کردار کرتے وقت کیریئر سے متعلق ڈرایا گیا، علی رحمٰن خان

شائع November 23, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

رواں برس کے آغاز میں ’گرو‘ نامی ڈرامے میں خواجہ سرا کا منفرد کردار ادا کرنے والے علی رحمٰن خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں مذکورہ کردار کرنے سے روکا گیا، یہاں تک کہ انہیں کیریئر سے متعلق ڈرایا بھی گیا۔

علی رحمٰن خان کو ’گرو‘ ڈرامے میں خواجہ سرا کے کردار میں بہت سراہا گیا تھا، تاہم ساتھ ہی ان پر تنقید کی گئی کہ ایک مرد کو مذکورہ کردار کیوں دیا گیا، کسی خواجہ سرا یا خاتون کو مذکورہ کردار دیا جاتا۔

حال ہی میں انہوں نے مزاحیہ پروگرام ’مذاق رات‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے خواجہ سرا کے کردار ادا کرنے سمیت دیگر کرداروں کو ادا کرنے پر بھی کھل کر بات کی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ آج تک انہیں زیادہ تر خوبصورت اور امیر ہیرو کے کرداروں کی پیش کش کی جاتی ہے، جس سے وہ تنگ آچکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نہیں چاہتے تھے کہ وہ اداکار بنیں، اس لیے انہوں نے انہیں مشروط اداکاری کی اجازت دی اور کہا کہ وہ پڑھ لکھ کر ملازمت اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ جو چاہے کرتے رہیں لیکن پہلے انہیں کوئی اچھی نوکری تلاش کرنی پڑے گی۔

اداکار کے مطابق انہوں نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد اقوام متحدہ (یو این) میں ملازمت اختیار کی اور ساتھ ہی انہوں نے اپنا شوق پورا کرنے کے لیے تھیٹر اداکاری بھی شروع کردی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی سال تک ملازمت کے ساتھ ساتھ اداکاری بھی کی اور اسی دوران ہی وہ مختصر فلموں سمیت کمرشلز میں بھی آنے لگے اور بعد ازاں انہوں نے ملازمت چھوڑ کر مستقل طور پر اداکاری کرنا شروع کی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اگر کسی انسان کے ساتھ محبت میں دھوکا ہوجائے تو ایسے انسان کو ہر دو سال بعد نئی محبت کرنی چاہیے۔

اسی طرح انہوں نے یک طرفہ محبت کے حوالے سے کہا کہ وہ بھی بار بار ہونی چاہیے اور ہر بار نئے شخص سے ہونی چاہیے، اس میں کوئی غلط بات نہیں۔

علی رحمٰن خان نے انکشاف کیا کہ وہ ایک خاتون دوست پر دو سال قبل تک فدا تھے اور انہوں نے اس لڑکی کو یہ بات بھی بتائی لیکن پھر وہ ان کا ’کرش‘ نہ رہیں۔

شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر علی رحمٰن خان کا کہنا تھا کہ ابھی انہیں رشتہ ازدواج میں بندھنے کی جلدی نہیں، ابھی وہ کیریئر پر توجہ دیے ہوئے ہیں۔

اداکاری سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے ان کی خواہش رہی تھی کہ انہیں مشکل کرداروں کی بھی پیش کش ہو لیکن انہیں ایسا کم ہی ہوتا ہے اور جب انہیں ’گرو‘ ڈرامے میں خواجہ سرا کے کردار کی پیش کش ہوئی تو انہوں نے فوری طور پر اسے قبول کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایسے کردار ادا کرتے وقت اچھے اداکار کو اپنے سینیئر اداکاروں کے کام دیکھ کر خوشی ہوتی ہے اور جذبہ اٹھتا ہے کہ انہیں بھی ایسے کردار ادا کرنے چاہیے، اس لیے انہوں نے خواجہ سرا کا کردار ادا کیا۔

علی رحمٰن نے انکشاف کیا کہ جہاں کئی لوگوں نے انہیں خواجہ سرا کا کردار ادا کرنے کے لیے سراہا، وہیں کئی افراد نے انہیں ڈرایا اور کیریئر ختم ہونے سے متعلق دھمکی تک دی۔

ان کے مطابق لوگوں نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ ہیرو ہیں، انہیں خواجہ سرا کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024