• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

عمر گل اور سعید اجمل قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مقرر

شائع November 21, 2023
ان کا پہلا امتحان دورہ آسٹریلیا ہو گا — فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر
ان کا پہلا امتحان دورہ آسٹریلیا ہو گا — فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2009 اور ایشیا کپ 2012 جیتنے والی ٹیم کے کھلاڑی اور سابق کرکٹرز عمر گل اور سعید اجمل کا بطور فاسٹ باؤلنگ اور اسپن باؤلنگ کوچ تقرر کیا ہے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کا پہلا امتحان دورہ آسٹریلیا ہو گا، جہاں 14 دسمبر 2023 سے 7 جنوری 2024 کے درمیان ٹیسٹ میچز کی سیریز منعقد ہوگی، اس کے بعد 12 تا 21 جنوری 2024 تک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں خدمات انجام دیں گے۔

مزید بتایا گیا کہ عمر گل اس سے قبل افغانستان کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل کی تین میچوں کی سیریز میں باؤلنگ کوچ رہ چکے ہیں، جس کے بعد انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ملک میں ہونے والی سیریز میں خدمات انجام دی تھیں۔

سابق فاسٹ باؤلر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گزشتہ سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے باؤلنگ کوچ رہ چکے ہی، اسی طرح وہ ٹی 20 ورلڈکپ 2022 میں افغانستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ بھی تھے۔

عمر گل نے پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا میچ 2003 میں کھیلا تھا، انہوں نے پاکستان کی جانب سے 47 ٹیسٹ میچز (34.06 کی اوسط سے 163 وکٹیں)، 130 ون ڈے انٹرنیشنل (29.34 فیصد کی اوسط سے 179 وکٹیں) اور 60 ٹی 20 انٹرنیشنل (16.97 کی اوسط سے 85 وکٹیں) کھیلے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایک روز میچوں کے سابق عالمی نمبر ایک باؤلر سعید اجمل باؤلنگ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے، انہوں نے 2008 میں ڈیبیو کیا تھا، اور پاکستان کی جانب سے 35 ٹیسٹ، 111 ون ڈے انٹرنیشنل اور 64 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں نمائندگی کی، اور تمام فارمیٹس میں 447 وکٹیں اپنے نام کیں۔

سعید اجمل نے پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اسپن باؤلنگ کوچ کی خدمات بھی انجام دی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم حالیہ ورلڈ کپ میں اچھی کاکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی تھی، اور اہم میچوں میں شکستوں کی وجہ سے ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہ بنا سکی تھی، جس کے بعد ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان نے بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں اپنے 9 میچز میں سے 4 میں کامیابی اور 5 میں ناکامی کے ساتھ 8 پوائنٹس حاصل کیے اور اس کا رن ریٹ 0.199 رہا۔

13 نومبر کو قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ مورنے مورکل نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے استعفے کے بعد 15 نومبر کو پی سی بی نے نئے کپتانوں کا اعلان کردیا تھا، جہاں ٹیسٹ ٹیم کا کپتان شان مسعود اور ٹی20 ٹیم کا کپتان شاہین شاہ آفریدی کو مقرر کردیا گیا جبکہ کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے محمد حفیظ کو ٹیم ڈائریکٹر بنا دیا گیا۔

اسی طرح ورلڈ کپ کے دوران تنازع کے سبب مستعفی ہونے والے انضمام الحق کی جگہ 17 نومبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کو قومی سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کر دیا گیا۔

18 نومبر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق فاسٹ باؤلر سہیل تنویر کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ جبکہ سابق مایہ ناز بلے باز محمد یوسف کو انڈر-19 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024