بلوچستان: چاغی، پشین میں مسلح افراد کے حملوں میں 3 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی
بلوچستان کے ضلع چاغی اور پشین میں مسلح افراد کے 2 حملوں میں 3 لیویز اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چاغی میں کوئٹہ تفتان شاہراہ پر ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 3 لیویز اہلکار زخمی ہو گئے۔
حکام نے بتایا کہ مسلح افراد کے ایک گروپ نے دالبندین کے قریب غزان کے علاقے میں ایک پِک اپ پر حملہ کیا اور پوسٹ پر ڈیوٹی پر موجود لیویز اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، اہلکار نے جوابی کارروائی کی اور شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار زخمی ہوگئے۔
چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے لیویز کی اضافی نفری کو فوری طور پر وہاں بھیج دیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح حملہ آور علاقے سے فرار ہوگئے۔
دالبندین کے اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ تقریباً ایک درجن مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں کی مدد سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ زخمی لیویز اہلکاروں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، لیویز کوئیک رسپانس فورس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن شروع کردیا ہے۔
ایک علیحدہ واقعے میں موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے پشین کیڈٹ کالج کے 2 ملازمین پر فائرنگ کر دی جس سے دونوں زخمی ہو گئے۔
بوائز ڈگری کالج کی عمارت کے قریب پیش آنے والے اس واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور کالج کے زخمی ملازمین کو پشین کے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا، بعد ازاں زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔