• KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:08pm Maghrib 5:44pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm

فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب نے پاکستان کو 0-4 سے شکست دے دی

شائع November 17, 2023
پاکستانی کھلاڑیوں نے ہاف ٹائم تک سعودی کھلاڑیوں کو مزید گول کرنے سے روکے رکھا — تصویر: سعودی عربین فٹبال فیڈریشن
پاکستانی کھلاڑیوں نے ہاف ٹائم تک سعودی کھلاڑیوں کو مزید گول کرنے سے روکے رکھا — تصویر: سعودی عربین فٹبال فیڈریشن

سعودی عرب نے پاکستان کو ورلڈکپ کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ میں یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-4 سے شکست دے دی۔

جب صالح الشہری نے سعودی عرب کے پرنس عبداللہ بن جلاوی اسٹیڈیم میں سعودی عرب کو چھٹے منٹ میں برتری دلائی تو ابتدا میں ہی میچ کا نتیجہ واضح ہو چکا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کوالیفائنگ کے دوسرے راؤنڈ کے اپنے پہلے کھیل میں زبردست عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعودی ٹیم کو ہاف ٹائم تک مزید گول کرنے سے باز رکھا، مگر کھیل کا دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی وہ پیچھے ہٹنے لگے۔

صالح الشہری نے قطر میں ہونے والے آخری ورلڈ کپ میں عالمی چیمپئن ارجنٹائن کو حیران کرنے کے ایک سال بعد اپنے گولوں کی تعداد کو دوگنا کر دیا، رابرٹو مانسینی کی سعودی ٹیم نے 0-4 سے فتح کے ساتھ شمالی امریکا میں 48 ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کرنے کے لیے گروپ ’جی‘ میں ابتدائی برتری حاصل کرلی، جہاں دوسرے میچ میں تاجکستان کے ساتھ اردن کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہو گیا۔

پاکستان منگل کو اپنے دوسرے گروپ میچ میں تاجکستان کی میزبانی کرے گا۔

میچ میں سعودی عرب نے برتری حاصل کرنے کے بعد کھیل کے پہلے ہاف میں تیز کھیل کا مظاہرہ کیا۔

قطر میں ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی 1-2 سے فتح میں مقابلہ برابر کرنے والے صالح الشہری نے گیند کو اس مرتبہ بھی گول میں پہنچانے میں غلطی نہ کی اور گول کیپر یوسف بٹ کو اسٹرائیک روکنے کا کوئی موقع نہ ملا۔

پاکستان کو 10 منٹ بعد کھیل برابر کرنے کا موقع ملا لیکن عبدالصمد ارشد کے کراس پر فرید اللہ کا ہیڈر گول پوسٹ کے اوپر سے چلا گیا۔

سعودی کھلاڑی دوسرے ہاف میں زیادہ تیاری کے ساتھ آئے اور صالح الشہری کو باکس میں دوڑتے ہوئے مامون موسیٰ خان نے گرایا، یوسف بٹ نے صحیح اندازہ لگایا تھا لیکن صالح الشہری کی کِک میں بہت زیادہ طاقت تھی لہٰذا وہ اسے روک نہ سکے۔

سعودی ٹیم مزید گول کرنا چاہتی تھی لیکن پاکستان کے دفاع نے انہیں باندھ کر رکھا اور وہ اپنے اگلے دونوں گول اسٹاپ ٹائم میں ہی کر سکے۔

عبداللہ غریب نے گیند کو گول میں پہنچایا اور اس کے بعد عبداللہ ہادی کی تیز شاٹ کا پاکستانی دفاع کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔

سعودی عرب کے ساتھی ایشیا کی دیگر بڑی ٹیموں نے بھی اپنی مہم کا بڑی فتوحات سے آغاز کیا اور آسٹریلیا، جاپان اور جنوبی کوریا نے ہوم گراؤنڈز پر کھیلے گئے میچوں میں حریفوں کے خلاف مجموعی طور پر 17 گول اسکور کیے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے کمبوڈیا کو شکست دے کر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔

جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہارون حمید خان کا 68ویں منٹ میں کیا گیا گول کمبوڈیا اور پاکستان کے درمیان فیصلہ کن ثابت ہوا تھا۔

ابتدائی کامیابی کے بعد میزبان ٹیم نے فٹ بال ورلڈ کپ 2026 کے دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی تھی۔

ترک خبر رساں ایجنسی ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی ٹیم دوسرے مرحلے کے گروپ ’جی‘ کے میچ میں اب اردن اور تاجکستان کا سامنا کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 18 نومبر 2024
کارٹون : 17 نومبر 2024