• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

’یہ نجی باتیں ہوتی ہیں‘، بچے سے متعلق سوال پر حرا خان کا مداح کو کرارا جواب

شائع November 12, 2023
— فائل فوٹو: انسٹاگرام
— فائل فوٹو: انسٹاگرام

حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی اداکارہ حرا خان نے مداح کی جانب سے بچہ ہونے سے متعلق سوال پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسے سوال نہیں پوچھنے چاہئیں، یہ بہت نجی باتیں ہوتی ہیں، لوگوں کو تمیز ہی نہیں ہے۔

اداکارہ حرا خان کی شادی کو تقریباً 10 ماہ ہوچکے ہیں، ان کی شادی رواں سال فروری 2023 میں اداکار ارسلان خان سے ہوئی تھی، شادی سے قبل دونوں ایک دوسرے کے بہت اچھے اور قریبی دوست تھے۔

دونوں کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئی تھیں جہاں دونوں نے رقص بھی کیا تھا، دونوں اپنے کریئر کے ابتدا میں ہی شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

اب حال ہی میں ایک مداح نے حرا خان سے ننھے مہمان کی آمد سے متعلق سوال پوچھا جس پر اداکارہ نے کہا کہ لوگ اپنی حدود بھول چکے ہیں، انہیں تمیز ہی نہیں ہے کہ کسی جوڑے سے ایسے سوال نہیں پوچھا کرتے۔

سماجی پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوال جواب کے سیکشن میں ایک مداح نے حرا خان سے سوال پوچھا کہ ’آپ کے ہاں بچہ کب ہوگا؟‘ جس پر حرا خان نے کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ باتیں ایسے نہیں پوچھا کرتے، یہ جوڑے کی نجی باتیں ہوتی ہیں۔‘

انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’میرے ہاں بچہ جب بھی ہوگا سب کو پتا چل جائے گا، یہ بہت نجی سوال ہوتے ہیں جو لوگوں سے نہیں پوچھنے چاہیے، آپ تو سیدھا میری انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے مجھ سے سوال پوچھ رہے ہیں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’آپ کے گھر میں آس پاس کسی کی شادی ہو یا کوئی جوڑا ہو تو ان سے بھی ایسے سوال نہیں پوچھا کریں، یہ اخلاقی دائرے میں نہیں آتا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ملک میں یہ بہت بڑا مسئلہ ہے، لوگوں کو اپنی حدود نہیں معلوم، انہیں تمیز ہی نہیں کہ کیا پوچھنا چاہیے اور کیا نہیں پوچھنا چاہیے، یہ جوڑے کی بہت نجی باتیں ہوتی ہیں، جب بچہ ہوگا تو آپ کو ضرور بتاؤں گی۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024