• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شادی کے بعد فلم میں ہر طرح کا کام نہیں کر سکتی، غنا علی

شائع November 10, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

معروف ماڈل و اداکارہ غنا علی نے کہا ہے کہ شادی ہوجانے کے بعد اب وہ فلموں میں کھل کر ہر طرح کا کردار ادا نہیں کر سکتیں، اس لیے انہوں نے اپنی حدود طے کردی ہیں اور مذکورہ حدود کے اندر انہیں کسی کردار کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کام کریں گی۔

غنا علی جلد ہی ’کہیں کس سے‘ نامی ڈرامے میں منفی کردار میں دکھائی دیں گی، انہوں نے شادی اور بچوں کی پیدائش کے بعد حال ہی میں شوبز میں واپسی کی ہے۔

شوبز سوشل میڈیا پیج ’عرفانستان‘ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شادی کے بعد شوہر نے انہیں کام کرنے سے نہیں روکا تھا بلکہ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد انہوں نے خود اداکاری سے وقفہ لیا تھا۔

ان کے مطابق ابتدائی طور پر انہوں نے ایک سال کے لیے وقفہ لیا لیکن اتفاق سے شادی کے دوسرے سال وہ حمل سے ہوگئیں اور انہیں وقفہ طویل کرنا پڑا۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ ان کے شوہر ان کے مددگار ہیں، ان کی سپورٹ کی وجہ سے ہی وہ دوبارہ اداکاری کر رہی ہیں، انہوں نے انہیں کسی طرح کا کوئی کردار ادا کرنے سے منع نہیں کیا۔

غنا علی کا کہنا تھا کہ دو بچوں کی ماں بننے کے بعد اب وہ ایک وقت میں ایک ہی ڈرامے میں کام کر سکتی ہیں، اس لیے انہوں نے متعدد ڈراموں کی پیش کش بھی مسترد کیں۔

شادی کے بعد زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر شکرانے ادا کیے کہ ان کی زندگی میں اچھی اور عزت والی تبدیلی آئی، انہوں نے اچھے وقت پر شادی کرلی، ان کے شوہر ان کے مددگار ہیں اور ان کی زندگی پہلے سے زیادہ پرسکون گزر رہی ہے۔

فلموں میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر غنا علی کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی فلموں میں کام کی پیش کش نہیں ہوئی، تاہم وہ اب کھل کر ہر طرح کے کردار ادا نہیں کر سکتیں۔

غنا علی کا کہنا تھا کہ چوں کہ اب وہ بچوں کی ماں بھی بن چکی ہیں اور شادی بھی کر چکی ہیں تو وہ پہلے کی طرح کھل کر ہر کردار اور ہر کام نہیں کر سکتیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے خود ہی اپنی حدود متعین کردی ہیں اور مذکورہ حدود کے دائرے میں اگر انہیں فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تو وہ ضرور کریں گی۔

تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ فلموں میں کس طرح کے کردار نہیں کریں گی اور انہوں نے اپنے لیے کون سی حدود بنائی ہیں؟

غنا علی نے 2015 میں اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے ڈراموں سمیت تھیٹرز میں بھی کام کیا جب کہ وہ ماڈلنگ بھی کرتی رہی ہیں۔

انہوں نے 17 مئی 2021 کو کراچی کے کاروباری شخص عمیر گلزار سے شادی کی تھی اور ان کے ہاں اسی سال نومبر میں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، بعد ازاں جنوری 2023 میں ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش ہوئی۔

اداکارہ شادی اور بچوں کی پیدائش کے بعد کچھ عرصے تک اسکرین سے دور تھیں لیکن اب وہ دوبارہ اسکرین پر آچکی ہیں اور انہوں نے ایک بار پھر منفی کرداروں سے چھوٹی اسکرین پر واپسی کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024