• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

آئی سی سی ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں بابر اعظم اور شاہین آفریدی کی پہلی پوزیشن چھن گئی

شائع November 9, 2023
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری ون ڈے کرکٹ رینکنگ میں ڈھائی سال سے پہلی پوزیشن پر براجمان پاکستان بلے باز بابر اعظم دوسرے نمبر پر آگئے جبکہ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی بھی اپنی نمبر ون پوزیشن کھو بیٹھے ہیں۔

کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں پاکستان کے اب تک ہونے والے میچز میں بابراعظم نے کُل 282 رنز بنائے ہیں، وہ گزشتہ ڈھائی سال سے ون ڈے کرکٹ کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر براجمان تھے۔

تاہم اب بابراعظم کی جگہ بھارتی اوپنر شبمن گل پہلی پوزیشن پر آگئے ہیں، آئی سی سی کی جانب سے جاری ون ڈے رینکنگ کے مطابق شبمن گل 830 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ بابر اعظم 824 رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

بابر اعظم نے ون کرکٹ میں اپنے نام کئی کامیابیاں سمیٹیں جن انہیں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ سنچریز بنانے والے بلے باز ہونے کا اعزاز بھی شامل ہے۔

ورلڈکپ میں پاکستان کے آنے والے میچز میں بابر اعظم کے پاس اب بھی نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے کا موقع ہے، پاکستان کا اگلا میچ انگلینڈ کے خلاف 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

اگر پاکستان سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے اور بابراعظم شاندار اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں وہ دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرسکتے ہیں۔

ون ڈے رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک تیسرے، بھارت کے ویرات کوہلی چوتھے اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر پانچویں نمبر پر ہیں۔

اس کے علاوہ ورلڈکپ میں بنگلادیش کے خلاف شاندار اننگز کھیلنے والے پاکستانی بلے باز فخر زمان ہفتہ وار رینکنگ میں 11 ویں نمبر پر ہیں۔

ون ڈے باؤلرز کی رینکنگ:

دوسری جانب ون ڈے کرکٹ میں باؤلرز کی رینکنگ کی بات کی جائے تو ایک ہفتے سے پہلی پوزیشن پر براجمان پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی پانچویں نمبر آگئے ہیں۔

بھارت کے محمد سراج 709 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کے کیشوو مہاراج 694 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا 662 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

بھارت کے کلدیپ یادیو 661 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی 658 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

آل راؤنڈر رینکنگ:

آئی سی سی کی جانب سے جاری آل راؤنڈرز رینکنگ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن پہلے، افغانستان کے محمد نبی دوسرے، زمبابوے کے سکندر رضا تیسرے نمبر پر ہیں۔

آل راؤنڈر کی ٹاپ 10 رینکنگ میں ایک بھی پاکستانی آل راؤنڈر شامل نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024