• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کرکٹ ٹیم کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

شائع October 30, 2023
انضمام نے استعفے کی تصدیق کی — فائل/فوٹو: اے پی
انضمام نے استعفے کی تصدیق کی — فائل/فوٹو: اے پی

انضمام الحق نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

سما نیوز کے پروگرام ’زور کا جوڑ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انضمام الحق نے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جب الزامات لگے تھے تو بورڈ سے میری بات ہوئی تھی اور ان سے کہا تھا کہ اگر کوئی شک ہے تو اس پر انکوائری ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے انہیں بتایا کہ ہم نے 5 رکنی کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی بنی ہے تو اس دن تک میں مستعفی ہوجاتا ہوں اور کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرے اور چیزیں جیسے مکمل ہوجاتی ہیں تو اس کے بعد میں پی سی بی کے ساتھ بیٹھ جاؤں گا۔

انضمام الحق نے کہا کہ ہم کرکٹر ہیں، مجھے بہتر لگا کہ اگر میرے اوپر کسی چیز کی انکوائری ہے تو میرا عہدہ ایسا ہے کہ مجھے مستعفی ہونا چاہیے اور انکوائری آرام سے کرنے دینی چاہیے اور جو بھی نتیجہ آئے پھر اس کو دیکھ لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹر کی حیثیت سے میرا کردار جج کا ہے کیونکہ سارے لڑکوں کے فیصلے کرتا ہوں، اس لیے اگر میرے اوپر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے کہ میں ایک طرف ہوجاؤں اور پی سی بی اپنی انکوائری کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے بعد میں ہر چیز کے لیے دستیاب ہوں، اس حوالے سے پی سی بی کے ساتھ بیٹھنے کے لیے تیار ہوں لیکن اس وقت مجھے محسوس ہوا کہ مجھے استعفیٰ دے دینا چاہیے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بیان میں کہا کہ ’بورڈ نے ٹیم کے انتخاب کے عمل سے متعلق میڈیا میں رپورٹ ہونے والے مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے الزامات کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات پی سی بی کی انتظامیہ کو جلد پیش کرے گی‘۔

پی سی بی نے مزید کہا کہ انضمام الحق نے قومی مینز سلیکشن کمیٹی اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سابق کپتان انضمام الحق کو 7 اگست 2023 کو قومی سلیکشن کمیٹی کا چیف سلیکٹر مقرر کیا گیا تھا اور رواں ماہ کے شروع میں انہیں جونیئر سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بھی مقرر کیا گیا تھا۔

پی سی بی نے کہا کہ انضمام الحق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں اپنے عہدے سے مستعفی ہو رہا ہوں تاکہ میڈیا پر لگائے گئے مفادات کے ٹکراؤ کے الزامات کی صاف اور شفاف تحقیقات ہو سکیں، اگر کمیٹی مجھے قصوروار نہیں پاتی ہے تو میں چیف سلیکٹر کے عہدے پر اپنی ذمہ داریاں دوبارہ شروع کروں گا۔

بورڈ نے بیان میں کہا کہ پی سی بی تحقیقات کے دوران انضمام الحق کے رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دینے کے فیصلے کو سراہتا ہے اور تسلیم کرتا ہے۔

انضمام الحق نے انٹرویو کے دوران الزامات کے حوالے سے سوال پر کہا کہ اس سے تکلیف ہوتی ہے، لوگ بغیر تحقیق کے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں، جس نے بھی بات کی ہے، اس کو ثبوت بھی دینا چاہیے اور اس طرح کی چیزیں نہیں ہونی چاہیے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے کہا کہ میں نے پی سی بی سے بھی کہا تھا اس کی تحقیق کریں، کیونکہ سایا کمپنی یا جو بھی ہے، اس کی تحقیقات کریں اور صحیح صورت حال سامنے آجانی چاہیے اور لوگوں کے سامنے بھی آنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میں انسان ہوں اور انسان اس طرح کی چیزوں پر دلبرداشتہ ہوتا ہے، کسی پر بھی ایسے الزامات لگیں تو اس کو تکلیف ہوتی ہے اور میرا 30 سال کا کیریئر ہے اور اس کے بعد 15 سال سے لوگ مجھے جانتے ہیں، میں اس طرح کا آدمی نہیں ہوں جس کو لوگ نہیں جانتے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پھر اگر ایسے الزامات لگیں تو دکھ ہوتا ہے۔

’سایا کارپویشن سے میرا تعلق نہیں، طلحہ میرا ایجنٹ ہے‘

تنازع سے متعلق کمپنی سے معاہدے پر پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں واضح طور پر بتا رہا ہوں سایا کارپوریشن سے میرا زندگی میں کبھی تعلق نہیں رہا، سایا کارپوریشن سے نہ تو پہلے دستخط ہوئے ہیں اور نہ بعد میں ہوئے ہیں اور جو بھی یہ چیز کہہ رہا ہے وہ غلط کہہ رہا ہے۔

انضمام الحق نے بتایا کہ یہ جو کمپنیاں اور ایجنٹ ہوتے ہیں ان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ان کو تجویز کرتی ہے اور ان کا پورا ڈیٹا پی سی بی کے پاس ہوتا ہے، اگر کوئی ایک ایسی کمپنی ہے جس کے ساتھ پاکستان کے اتنے سارے کھلاڑی منسلک ہیں تو ایسا نہیں ہوسکتا ہے پاکستان کا ڈیٹا ان کے پاس نہ ہو، ڈیٹا ہونا بھی چاہیے اور ہے بھی، ساری چیزیں واضح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سایا کارپوریشن ٹیکس بھی دیتی ہوگی، تو ادھر بھی چیزیں ہوں گی، یہ کوئی ایسی کمپنی تھوڑی ہے جو چھپی ہوئی ہے کہ انضمام درمیان میں ہے یا نہیں تو یہ ایک اوپن کیس ہے۔

میزبان نے پوچھا کہ کیا طلحہ آپ کا ایجنٹ ہے تو انہوں نے کہا کہ کسی کا ایجنٹ ہونا اور کمپنی میں حصہ دار ہونا یہ دوسری چیز ہے، یہ 25 لوگوں کا ایجنٹ ہے اور یہ میرا ایجنٹ کافی پرانا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں جاری ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم سلیکٹر اور کپتان سمیت ٹیم انتظامیہ اور بورڈ پر تنقید کی جا رہی تھی لیکن اسی دوران ٹیم کے انتخاب میں مفادات کے ٹکراؤ کے حوالے سے میڈیا میں رپورٹس آئی تھیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ کھلاڑیوں کی منیجمنٹ کمپنی میں انضمام الحق کے حصص ہیں جو پی سی بی میں رجسٹرڈ ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ بابراعظم اور محمد رضوان سمیت قومی ٹیم کے کئی نمایاں کھلاڑی بھی مذکورہ کمپنی سے منسلک ہیں۔

یاد رہے کہ انضمام الحق کو رواں برس اگست میں قومی ٹیم کا چیف سلیکٹر مقرر کردیا گیا تھا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان نے اس سے قبل کوچ مکی آرتھر کے ساتھ کام کیا ہے، آخری باری 2019 میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی میں بطور چیف سلیکٹر ان کا آخری اسائنمنٹ تھا۔

ان کی منتخب کردہ ٹیم نے 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی جب کہ وہ 2019 میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024