• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ثمینہ سے میری قربت ان کے کام کی وجہ سے نہیں ہے، منظر صہبائی

شائع October 26, 2023
فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

تقریباً تین سال قبل بڑھاپے کی عمر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والا نامور جوڑا، ثمینہ احمد اور منظر صہبائی، کو ملک بھر میں بے حد پسند کیا جاتا ہے دونوں مختلف انٹرویوز میں متعدد انکشافات بھی کرچکے ہیں، تاہم حال ہی میں منظر صہبائی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کا ایک بھی ڈراما نہیں دیکھا، ان کی ثمینہ سے قربت ان کے کام کی وجہ سے نہیں ہے۔

ثمینہ احمد اور منظر صہبائی نے زائد العمری میں اپریل 2020 میں کورونا لاک ڈاؤن کے دوران لاہور میں سادگی سے نکاح کیا تھا۔

دونوں کی شادی پر جہاں کئی لوگوں نے حیرانی کا اظہار کیا تھا، وہیں بہت سارے لوگوں نے ان کے فیصلے کی تعریف کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا تھا۔

شادی کے بعد دونوں نے مختلف مواقع پر اپنے تعلق کے بارے میں بات کی ہے، جہاں وہ ایک دوسرے کی تعریف بھی کرتے ہیں۔

اب حال ہی میں جوڑے نے مزاحیہ پروگرام گپ شپ میں شرکت کی جہاں میزبان واسع چوہدری کے سوال پر منظر صہبائی نے کہا کہ انہوں نے ثمینہ احمد کی ایک فلم کے علاوہ ان کا ایک بھی ڈراما نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ثمینہ سے میری قربت ان کے کام کی وجہ سے نہیں ہے، میں نے ان کی ’انتظار‘ نامی صرف ایک فلم انہی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھی ہے۔‘

شادی کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے منفی اور مثبت تبصروں پر بات کرتے ہوئے منظر صہبائی کا کہنا تھا کہ ’میں اس بارے کچھ نہیں کہہ سکتا، ہاں البتہ ہم جہاں بھی جاتے ہیں لوگ ہمیں دعائیں دیتے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ بات میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ جس طرح میں اپنے لیے کام کرتا ہوں کسی دوسرے کے لیے کام نہیں کرتا اسی طرح شادی کا فیصلہ بھی ہم نے اپنے لیے کیا کسی دوسرے کے لیے نہیں کیا۔‘

منظر صہبائی کی بات کو جاری رکھتے ہوئے ثمینہ احمد نے کہا کہ ’ہم نے شادی کرکے کوئی غلط کام نہیں کیا۔‘

منظر صہبائی اور ثمینہ احمد درجنوں ڈراموں، فلموں اور ویب سیریز میں کام کر چکے ہیں۔

یہ ثمینہ احمد کی دوسری شادی تھی، انہوں نے پہلی شادی پاکستانی فلم ساز فریدالدین احمد سے کی تھی، تاہم کچھ سالوں بعد ان دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی، ان دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

ان کے کریئر پر نظر ڈالی جائے تو 71 سالہ ثمینہ احمد نے 18 سال کی عمر میں پی ٹی وی کے ڈراموں میں کام کرنے کے ساتھ شوبز میں کریئر کا آغاز کیا۔

ابتدا میں وہ کئی سنجیدہ ڈراموں میں جلوہ گر ہوئیں تاہم بعدازاں ان کی کامیڈی اداکاری کو بےحد پسند کیا گیا، وہ ’اکڑ بکڑ‘، ’الف نون‘ اور ’سچ گپ‘ جیسے ڈراموں میں مزاحیہ اداکاری کرچکی ہیں۔

انہوں نے اپنے کیریئر میں سنو چندا، آنگن، گل رانا، فیملی فرنٹ، ڈولی کی آئے گی بارات، داستان اور سنگت جیسے ڈراموں میں کام کیا، وہ فلم ناراض، دختر اور لوڈ ویڈنگ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

دوسری جانب 71 سالہ منظر صہبائی نے اپنے کیریئر میں ’بول‘، ’ماہ میر‘ اور ’زندہ بھاگ‘ جیسی فلموں میں کام کرچکے ہیں، ڈراموں کی بات کی جائے تو ’الف‘ ڈرامے میں منظر صہبائی کی اداکاری کو خوب سراہا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024