• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

مسجد اقصیٰ کے مناظر کے ساتھ ’صلاح الدین ایوبی‘ کا پہلا ٹیزر جاری

شائع October 23, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

طویل انتظار کے بعد پاکستان اور ترکیہ کے نجی پروڈکشن ہاؤسز کے اشتراک سے بنائے جانے والے میگا بجٹ اور میگا کاسٹ تاریخی ڈرامے ’صلاح الدین ایوبی‘ کا پہلا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا۔

ڈرامے کو دسمبر 2021 میں بنانے کا اعلان کیا گیا تھا اور اعلان کے تقریباً تین سال بعد اس کا مختصر ٹیزر سامنے آیا ہے۔

صلاح الدین ایوبی کو بنانے کے لیے پاکستان کے انصاری فلمز اور ترکیہ کے ایکلی فلمز کے درمیان اگست 2021 میں سربیا میں معاہدہ ہوا تھا۔

بعد ازاں ڈرامے کی کاسٹ کے لیے پاکستان اور ترکیہ میں آڈیشن لیے گئے تھے اور دسمبر 2021 میں پاکستان میں لیے گئے آڈیشنز میں 6 ہزار اداکاروں نے حصہ لیا تھا، جس میں سے محض چند اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

اگست 2022 میں ڈرامے کے پروڈکشن ہاؤسز نے بتایا تھا کہ ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے ترکیہ میں سیٹ تیار ہوگیا ہے اور جلد ہی اس کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی اور بعد ازاں اس کی شوٹنگ شروع کردی گئی تھی۔

شوٹنگ شروع کیے جانے کے تقریباً ایک سال بعد اب ڈرامے کا پہلا مختصر ٹیزر جاری کردیا گیا، جس میں مرکزی کردار کو دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے کے ٹیزر کو صلاح الدین ایوبی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار اغور غنيش (Uğur Güneş) سمیت ڈرامے کے پروڈیوسرز میں شامل پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے بھی انسٹاگرام پر شیئر کیا۔

مختصر ٹیزر میں صلاح الدین ایوبی کو اسلامی ریاست کا پرچم ہاتھ میں تھامے دوڑتے گھوڑے پر دیکھا جا سکتا ہے۔

صلاح الدین ایوبی کے مناظر کے پس پردہ اغور غنیش کی آواز سنائی دیتی ہے جو کہ ترک زبان میں ہے، تاہم ٹیزر میں ترک زبان کا انگریزی ترجمہ دیا گیا ہے۔

ٹیزر کے اختتام پر صلاح الدین ایوبی کو دور سے مسجد اقصیٰ کو دیکھتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ٹیزر کے جاری ہوتے ہی شائقین نے خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مذکورہ ڈراما دیگر ترک ڈراموں کی طرح مقبول جائے گا۔

عدنان صدیقی نے ڈرامے کے ٹیزر کو شیئر کرتے ہوئے پاکستانی اور ترکیہ کے پروڈکشن ہاؤسز اور پروڈیوسرز کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے پروڈیوسرز میں ہمایوں سعید کا نام بھی لکھا۔

عدنان صدیقی اور ترک اداکار اغور غنیش نے یہ نہیں بتایا کہ صلاح الدین ایوبی کو کب تک نشر کیا جائے گا، تاہم انہوں نے بتایا کہ ڈرامے کو پہلے ترک ٹی وی چینل ’ٹی آر ٹی ون‘ پر دکھایا جائے گا۔

اسی ڈرامے کے حوالے سے اپریل 2023 میں ہمایوں سعید نے بتایا تھا کہ ممکنہ طور پر ڈرامے کو رواں برس کے اختتام تک پہلے ترکیہ میں نشر کیا جائے گا، اس کے ایک سال بعد اسے پاکستان میں دکھایا جائے گا۔

انہوں نے اس تاثر کو مسترد کردیا تھا کہ وہ ڈرامے میں مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے، تاہم بتایا تھا کہ وہ کچھ اقساط میں مختصر کردار ادا کرتے دکھائی دے سکتے ہیں۔

اسی طرح خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عدنان صدیقی کو بھی معاون کردار کے روپ میں دیکھا جاسکے گا لیکن اس حوالے سے مصدقہ طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ ترکیہ میں مذکورہ ڈرامے کو ترک زبان میں نشر کرنے کے بعد اسے پاکستان میں اردو زبان میں پیش کیا جائے گا جب کہ اسے انگریزی اور عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے مختلف اسٹریمنگ ویب سائٹس پر ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024