• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

نواز شریف 4 سالہ خودساختہ جلاوطنی کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے

شائع October 21, 2023
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

سابق وزیراعظم اور سربراہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف 4 سالہ خود ساختہ جلاوطنی کے بعد آج برطانیہ سے پاکستان پہنچیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ (ن) اپنے قائد کو خوش آمدید کہنے اور پارٹی کی ’بے پناہ‘ مقبولیت کو ظاہر کرنے کے لیے ملک بھر سے اپنے کارکنان کو آج لاہور میں مینار پاکستان پر جمع ہونے کی اپیل کر رہی ہے، حالانکہ مسلم لیگ (ن) کے حریفوں کا دعویٰ ہے کہ پارٹی اب اپنی مقبولیت کھو چکی ہے۔

سابق وزیر خزانہ اور رہنما مسلم لیگ (ن) اسحٰق ڈار نے تصدیق کی ہے کہ نواز شریف آج ہفتے کی سہ پہر چارٹرڈ طیارے کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔

اسحٰق ڈار نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ اسلام آباد میں ایک گھنٹہ قیام کرنے کے بعد نواز شریف مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب کے لیے لاہور روانہ ہوں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے مطابق نواز شریف چارٹرڈ طیارے سے ممکنہ طور پر ساڑھے 12 بجے اسلام آباد پہنچیں گے اور چند گھنٹے بعد لاہور روانہ ہوں گے، امکان ہے کہ وہ لاہور میں مینار پاکستان کے لیے روانہ ہونے سے پہلے پہلے جاتی امرا میں اپنی رہائش گاہ پر جائیں گے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے لاہور کے بجائے اسلام آباد پہنچنے کی وجہ یہ ہے کہ ضمانت حاصل کرنے کے لیے اُن کا دارالحکومت میں قدم رکھنا ضروری ہے، جس کی اسلام آباد ہائی کورٹ نے جمعرات کو منظوری دے دی تھی۔

پنجاب سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما نے بتایا کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر ایک زوردار شو کرنا بہت ضروری ہے تاکہ سب یہ جان لیں کہ مسلم لیگ (ن) اب بھی لاہور میں ایک مقبول جماعت ہے، جو کبھی اس کا گڑھ ہوا کرتا تھا، پارٹی قیادت اس مقصد میں کامیاب ہوگی کیونکہ بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی آمد پارٹی کو ایک ایسے وقت میں بہت ضروری تحریک دے گی جب ملک میں چند ماہ میں عام انتخابات کا انعقاد متوقع ہے، وہ پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کریں گے اور چوتھی بار وزیر اعظم بنیں گے۔

لاہور میں شہباز شریف، مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز سمیت مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے گزشتہ روز مصروف دن گزارا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ بلوچستان، سندھ اور گلگت بلتستان سے پارٹی کارکنوں کے قافلے لاہور کے لیے روانہ ہو جائیں اور جن لوگوں کو خیبرپختونخوا اور اندرون پنجاب سے آنا ہے وہ آج ہفتہ کی صبح روانہ ہوں گے، تینوں رہنماؤں نے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گزشتہ روز مینار پاکستان کا دورہ بھی کیا۔

گل پاشی کا اہتمام

گزشتہ روز صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنا اللہ اور صدر مسلم لیگ (ن) لاہور سیف الملوک کھوکھر نے ہیلی کاپٹر کے ذرییعے ریلی کے مقام کا فضائی نظارہ کیا، مقامی کارکنوں کو متحرک کرنے کے لیے پارٹی نے پنڈال میں قوالی نائٹ کا بھی اہتمام کیا۔

مسلم لیگ (ن) نے گزشتہ شب لاہور پہنچنے والوں کے لیے مبینہ طور پر قیام کے انتظامات بھی کر رکھے ہیں، لاہور سے تعلق رکھنے والی پارٹی کے کچھ سابق ارکان اسمبلی کو رہائش اور کھانے کا انتظام کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔

اگرچہ پارٹی کے پاس 10 لاکھ افراد کو جمع کرنے کا غیرمعمولی ہدف ہے لیکن گزشتہ روز منتظمین نے پنڈال میں صرف 10 ہزار کرسیاں رکھیں، وردی اور سادہ کپڑوں میں ملبوس پنجاب پولیس کے ہزاروں اہلکار پنڈال کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرقیادت صوبائی نگران حکومت بھی سیاسی پاور شو کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) نے ٹکٹ کے خواہشمندوں سے بھی واضح طور پر کہا ہے کہ اگر وہ آج لوگوں کو پنڈال میں لانے کا مطلوبہ ہدف پورا کرنے میں ناکام رہے تو ان کو پارٹی امیدوار بنانے پر غور نہیں کیا جائے گا۔

پارٹی کے مطابق آج مینار پاکستان پر ہونے والے جلسے میں صرف نواز شریف ہی خطاب کریں گے، مسلم لیگ (ن) نے آج لاہور میں گلاب کی پتیاں نچھاور کرنے کے لیے 2 چھوٹے طیارے بھی کرائے پر لیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024