کراچی: پولیس سے مبینہ فائرنگ کا تبادلہ، 3 مشتبہ افراد سمیت شہری جاں بحق
کراچی کے علاقے مارواڑی لائنز میں پولیس سے مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین مشتبہ افراد ہلاک ہوئے جبکہ گولی لگنے سے اپنے گھر کے سامنے کھڑا نوجوان بھی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مارواڑی علاقے میں دو پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس کے بجائے انہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
بیان میں کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے مشتبہ افراد کا پیچھا کیا اور گھاس منڈی کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں تینوں مشتبہ افراد ہلاک ہوگئے تاہم گولی لگنے سے ایک شہری 16 سالہ محمد عمیر بھی دم توڑ گیا۔
ایس ایچ او نصیر تنولی نے کہا کہ نوجوان اپنے گھر کے باہر کھڑا تھا جہاں ملزمان کی طرف سے فائر کی گئی گولی ان کے سر میں لگی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ایک اور 23 سالہ شہری مرتضٰی ریاض بھی ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے۔
بعدازاں لاشوں اور زخمی شہری کو سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا۔
پولیس نے مشتبہ افراد کے قبضے سے تین ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تاہم ہلاک ہونے والے مشتبہ افراد کی شناخت نہیں ہوسکی۔
6 سالہ بچے کی لاش برآمد
علاوہ ازیں پورٹ قاسم میں پل کے قریب سے 7 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی۔
ایس ایچ او سخن پولیس اسٹیشن زبیر نواز نے کہا کہ ایک بیڈ شیٹ میں لپٹی بچے کی لاش خشک نالی سے برآمد کی گئی۔
ایس ایچ او نے کہا کہ بچے کی پیٹھ پر زخم تھے جو سیاہ ہوچکے تھے جو کہ شاید لاش پھینکنے کے بعد ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ بچے کو کہیں اور قتل کرکے لاش یہاں پھینک دی گئی ہے۔
ایس ایچ او نے کہا کہ موت کا سبب معلوم کرنے کے لیے بچے کی لاش جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔
جوہر میں نوجوان قتل
درین اثنا کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے گولی مار کر 25 سالہ نوجوان کو قتل کردیا۔
ایس ایچ او شاہراع فیصل پولیس اسٹیشن راجا طارق محمود نے کہا کہ 25 سالہ سعد حنیف موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ نعمان اوینیو کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ڈکیتی مزاحمت پر گولی مار کر قتل کردیا۔
انہوں نے کہا کہ مقتول شخص کی موبائل فون لاپتا ہے۔ تاہم لاش کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔