• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

نئی اداکارائیں کہتی ہیں جب تک شادی نہیں ہوجاتی تب تک کام کریں گی، نادیہ افگن

شائع October 16, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ نادیہ افگن نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اب شوبز کی دنیا میں آنا آسان بن چکا ہے تاہم آنے والے نئے اداکار محنت نہیں کرتے اور وہ کہتے ہیں کہ وہ پیسوں کے لیے کام نہیں کر رہے جب کہ اداکارائیں کہتی ہیں کہ وہ تو تب تک کام کریں گی جب تک ان کی شادی نہیں ہوجاتی۔

نادیہ افگن حال ہی میں کامیڈی شو ’گپ شب‘ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔

اداکارہ نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی سیاست میں بہت زیادہ دلچسپی نہیں ہے لیکن وہ ملکی معاملات سے متعلق سیاست میں ہونے والی ہلچل اور تبدیلیوں پر نظر رکھتی ہیں۔

ان کے مطابق آج کل کی سیاست اور حالات بہت اچھے نہیں ہیں لیکن اس باوجود وہ آنے والے انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کریں گی۔

اداکارہ نے اپنے ڈرامے ’کابلی پلاؤ‘ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شوٹنگ کے وقت تک ان سمیت ڈرامے کے ہدایت کار کو بھی اندازہ نہیں تھا کہ ڈراما اتنا مقبول جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ لوگ ’کابلی پلاؤ‘ کا اس طرح انتظار کرتے ہیں، جیسے ماضی میں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈراموں کا کیا کرتے تھے۔

اپنی صحت اور فٹنیس پر بات کرتے ہوئے نادیہ افگن نے کہا کہ وہ آج کل کیٹو ڈائیٹ پر ہیں کیوں کہ وہ بہت سست ہیں، جم نہیں جاتیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کیٹو ڈائٹ پر رہتے ہوئے اپنا اچھا خاص وزن کم کرلیا ہے اور اب ان کا وزن 65 کلو تک پہنچ چکا ہے۔

نادیہ افگن نے کہا کہ ساتھ ہی انہوں نے اپنے بالوں کا رنگ بھی تبدیل کیا، ان کے بال 50 سال تک سیاہ تھے، اس لیے انہوں نے اب ان کی رنگت تبدیل کردی۔

ماضی کے مقابلے اب شوبز میں آنے والی تبدیلیوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ شوبز میں بہت ساری چیزیں تبدیل ہو چکی ہیں، اب ماضی کے مقابلے کام کرنا آسان بن چکا ہے۔

ان کے مطابق جب انہوں نے پی ٹی وی کے دور میں کام شروع کیا تو انہیں ڈر لگا رہتا تھا کہ کہیں شوٹنگ کے سیٹ پر پہنچنے میں دیر نہ ہوجائے، کہیں ان سے کوئی غلطی ہوگئی تو انہیں کام سے نہ نکال دیا جائے۔

نادیہ افگن کے مطابق ماضی میں ان سمیت دیگر اداکاروں کو اپنے پیسے مانگنے تک کی ہمت نہ ہوتی تھی لیکن اب چیزیں تبدیل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب متعدد ٹی وی چینلز آ چکے ہیں، بہت سارے پروڈکشن ہاؤسز ہیں جب کہ سوشل میڈیا کی وجہ سے بھی ہر چیز تبدیل ہوچکی ہے۔

ان کے مطابق ان کے خیال میں ماضی کے مقابلے اب کام کرنا آسان بن چکا ہے، اب لوگوں کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ متعدد نوجوان اداکاروں کے ساتھ کام کر چکی ہیں، جنہیں وہ کئی بار کہہ چکی ہیں کہ شوٹنگ سے قبل اسکرپٹ پڑھ لیں، جس پر وہ انہیں کہتے ہیں کہ انہیں ایسا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں کیوں کہ وہ یہ کام پیسوں کے لیے نہیں کر رہے۔

نادیہ افگن کے مطابق انہیں نئے اداکار کہتے ہیں کہ وہ صرف اور صرف سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز بڑھانے کے لیے شوبز میں آئے ہیں جب کہ اداکارائیں انہیں کہتی ہیں کہ وہ تو صرف تب تک کام کریں گی جب تک ان کی شادی نہیں ہوجاتی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز انڈسٹری میں ایک اچھی تبدیلی یہ آئی ہے کہ اب اس میں بہت ہی پڑھے لکھے اور امیر گھرانوں کے بچے آگئے ہیں لیکن وہ اداکاری کرنے کے دوران محنت پر یقین نہیں رکھتے۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024