پاک - بھارت میچ کے موقع پر علی ظفر نے ورلڈ کپ کا گانا جاری کردیا
گلوکار و موسیقار علی ظفر نے کرکٹ شائقین سے کیے گئے اپنے وعدے کو مکمل کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران ورلڈ 2023 کا اپنا تیار کردہ گانا جاری کردیا۔
علی ظفر نے گزشتہ ماہ ستمبر میں پاکستانی شائقین کے لیے کرکٹ کا گانا تیار کرنے کا اعلان اس وقت کیا تھا جب کہ شائقین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ریلیز کردہ آفیشل ورلڈ کپ گانے پر مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا۔
آئی سی سی نے 20 ستمبر کو کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے آفیشل ترانے کی ویڈیو جاری کی تھی۔
ترانے کی دھن بولی ووڈ کے مشہور موسیقار پریتم چکرورتی نے تیار کی تھی جبکہ نامور اداکار رنویر سنگھ نے ویڈیو میں پرفارم کیا تھا۔
’دل جشن بولے‘ کے ٹائٹل سے جاری ترانے کی ویڈیو میں شائقین کے کرکٹ کے جذبے اور جوش کی منظر کشی کرنے کی کوشش کی گئی تھی لیکن لوگوں کو یہ گانا پسند نہیں آیا اور سوشل میڈیا پر شدید تنقید بھی کی گئی۔
اسی دوران پاکستانی شائقین نے گلوکار علی ظفر سے ورلڈ کپ کا ترانہ جاری کرنے کی فرمائش کی تھی، جس پر انہوں نے ترانا بنانے کا اعلان کیا تھا۔
علی ظفر نے بعد ازاں کرکٹ شائقین سے بھی گانے کے لیے آئیڈیاز اور ویڈیو کلپس بھیجنے کی اپیل کی تھی اور اب انہوں نے چند ہی دنوں میں گانے کو تیار کرکے اسے ریلیز کردیا۔
علی ظفر نے ’مزہ آیا‘ کے ٹائٹل سے بنائے گئے گانے کو 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ورلڈ کپ 2023 کے پہلے میچ سے چند گھنٹے قبل جاری کیا۔
’مزہ آیا‘ گانے میں علی ظفر کو دوسرے کرکٹ شائقین کے ساتھ گلیوں میں کرکٹ کی باتوں پر جھومتے دکھایا گیا ہے۔
گانے کو ابتدائی چند گھنٹوں میں ہی ہزاروں افراد نے دیکھ لیا اور شائقین نے علی ظفر کے گانے اور ان کی محنت کی تعریفیں کیں۔
علی ظفر اس سے قبل بھی کرکٹ شائقین کی فرمائش پر گانے تیار کرتے رہے ہیں، وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے لیے بھی آفیشل ترانوں کے علاوہ ذاتی گانے بھی تیار کرتے رہے ہیں۔
علی ظفر نے 2016 میں پی ایس ایل کے افتتاحی سیزن کے لیے پی ایس ایل کا پہلا ترانہ ’اب کھیل کے دکھا‘ کمپوز اور پرفارم کیا۔
2017 میں پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے لیے علی ظفر نے ایک بار پھر ’اب کھیل جمے گا‘ کے عنوان سے جوش بھرا ترانہ پیش کیا تھا۔
علی ظفر نے 2018 کے سیزن کے لیے ’دل سے جان لگا دے‘ کمپوز کرکے مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔
انہوں نے 2020 میں شائقین کی جانب سے پی ایس ایل کا گانا ’میلہ لوٹ لیا‘ بھی جاری کیا تھا اور اب انہوں نے ورلڈ کپ 2023 کا گانا بھی ریلیز کردیا۔