• KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm
  • KHI: Zuhr 12:40pm Asr 4:25pm
  • LHR: Zuhr 12:11pm Asr 3:41pm
  • ISB: Zuhr 12:16pm Asr 3:41pm

بیجنگ میں اسرائیلی سفارتخانے کا اہلکار چاقو کے حملے میں زخمی

شائع October 13, 2023
بیجنگ میں سفارت خانے کے اسرائیلی ملازم پر حملہ کیا گیا— فوٹو: اے ایف پی
بیجنگ میں سفارت خانے کے اسرائیلی ملازم پر حملہ کیا گیا— فوٹو: اے ایف پی

اسرائیل کی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اسرائیلی سفارت خانے کے ایک اہلکار پر چاقو سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔

خبر ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں ایک شخص کو چینی دارالحکومت کی سڑک پر ایک شخص پر چاقو سے وار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ بیجنگ میں اسرائیلی سفارت خانے کے ایک اسرائیلی ملازم پر آج حملہ کیا گیا، تاہم یہ حملہ سفارت خانے کے احاطے میں نہیں ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ ملازم کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

چین میں امریکی سفیر نکولس برنز نے کہا کہ میں اس حملے سے حیران ہوں اور چین میں اسرائیلی سفارت خانے اور کمیونٹی کو اپنی مکمل حمایت کی پیش کش کی۔

نکولس برنز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہ ہم بیجنگ میں ایک اسرائیلی سفارت کار پر آج کیے گئے حملے سے صدمے میں ہیں اور میں نے چین میں اسرائیل کے سفیر ایرٹ بین-ابا سے بات کی ہے۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سفارت خانے سے ڈیڑھ کلومیٹر دور ایک شخص نے دوسرے پر چاقو سے متعدد وار کیے۔

اسی مقام کی ایک اور ویڈیو میں سیکیورٹی عملے کو لوگوں سے پوچھ گچھ اور فون کالز کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق زخمی کو چند دیگر افراد ممکنہ طور پر طبی علاج کے لیے ایک گاڑی تک لے جانے کی کوشش کرتے ہیں جو ویڈیو میں نظر نہیں آرہی۔

ویڈیو کے دوران ایک پولیس اہلکار کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اس کا تعلق ژن ین لی تھانے سے ہے۔

اس تھانے پر فون کا جواب دینے والے ایک شخص نے اے ایف پی کو بتایا کہ ہمیں کیس کی تفصیلات واضح نہیں ہیں اور ایک صحافی کو اعلیٰ حکام کے پاس بھیج دیا ہے۔

جائے وقوع پر موجود اے ایف پی کے ایک صحافی نے بتایا کہ جہاں چاقو سے وار کیا گیا وہاں 8 سادہ لباس پولیس اہلکار موجود تھے۔

حملے کے مقام کے سامنے واقع دکانوں پر موجود تین دکانداروں نے کہا کہ انہوں نے کچھ نہیں دیکھا۔

چھرا گھونپنے کا یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں رونما ہوا ہے جب اسرائیل پر ہفتے کو حماس کی جانب سے اچانک حملہ کیا گیا، جس کےبعد اسرائیلی فوج غزہ پر بمباری کر رہی ہے۔

چین کی وزارت خارجہ نے فوری طور پر واقعے کے حوالے سے تبصرے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔

کارٹون

کارٹون : 12 جنوری 2025
کارٹون : 9 جنوری 2025