• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کسی نے مجھ پر کالا جادو کردیا تھا، بینا چوہدری

شائع October 12, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

سینیئر اداکارہ بینا چوہدری نے انکشاف کیا ہے کہ ان پر کسی نے کالا جادو کردیا تھا، جس کے باعث وہ پانچ سال تک تکلیف میں رہیں، یہاں تک کہ ایک رات مرنے والی تھیں لیکن خدا نے انہیں زندگی دی۔

بینا چوہدری حال ہی میں مدیحہ نقوی کے مارننگ شو میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اداکاری سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کی اور بتایا کہ کچھ عرصہ قبل وہ شدید علیل ہوگئی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ دو سال قبل وہ انتہائی علیل ہوگئی تھیں، انہوں نے خوف اور بیماری کے باعث خود کو گھر تک محدود کردیا تھا۔

ان کے مطابق اگرچہ وہ کام کرتی تھیں لیکن کام سے واپسی کے بعد وہ کمرے تک محدود رہ جاتی تھیں، انہوں نے لوگوں سے ملنا ملانا چھوڑ دیا تھا، موسیقی سننا بند کردی تھی اور باہر جاکر کھانا بھی بند کردیا تھا۔

اداکارہ نے بتایا کہ شدید علالت کے وقت ان کی بیٹی نے ان کا ساتھ دیا، وہ انہیں اپنے ساتھ باہر لے جاتیں، انہیں شاپنگ کرواتیں، ان کی صحت کا خیال رکھتی تھیں۔

بیماری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان میں کسی بیماری کی کوئی تشخیص نہیں ہوئی تھی لیکن ان پر کسی نے کالا جادو کردیا تھا۔

ان کے مطابق لوگ جادو کو مذاق سمجھتے ہیں لیکن جس پر ہوتا ہے، انہیں علم ہوتا ہے کہ وہ کتنا مشکل ہوتا ہے، بظاہر انسان خوش ہوتا ہے لیکن اندر ہی اندر وہ بیمار رہتا ہے۔

بینا چوہدری کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ان پر کالا جادو کیا انہوں نے سوچا ہوگا کہ ان کا ویسے تو کچھ بگاڑ نہیں سکتے، اس لیے ان پر جادو کر دیتے ہیں۔

سینیئر اداکارہ کے مطابق کالے جادو کے باعث وہ شدید بیمار رہتی تھیں، انہوں نے خود کو کمرے تک محدود کردیا، ان کا کھانے پینے سے دل اٹھ گیا تھا اور انہیں لگتا تھا کہ بس اب وہ جانے والی ہیں۔

بینا چوہدری نے بتایا کہ کالے جادو کے باعث ہی ایک رات وہ مرنے والی تھیں، انہیں اس رات شدید تکلیف ہوئی اور سانس لینے میں مشکل ہو رہی تھی، جس کے بعد انہوں نے اپنی موت کو قریب دیکھ کر کلمہ پڑھا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کلمہ پڑھتے ہی ان کے لیے آسانیاں ہوگئیں، وہ بہتر انداز میں سانس لینا شروع ہوئیں اور انہیں نئی زندگی ملی، تب وہ اٹھیں اور کافی دیر تک سوچتی رہیں کہ ان کے ساتھ کیا ہوا؟

بینا چوہدری نے کہا کہ کالے جادو کا اثر ہونے کے وقت انہوں نے خوب عبادت کی، انہیں روحانی سکون ملا اور انہوں نے اتنی عبادت کی کہ انہیں لاشعوری طور پر بھی چیزوں کی سمجھ آنے لگی۔

ان کے مطابق انہوں نے کالے جادو کے سائے تلے زندگی کے پانچ سال گزارے اور اسی دوران ہی ان کی زندگی میں ایک رہنما شخص آئے، جنہوں نے انہیں فون پر ہدایات دیں اور رہنمائی کی اور آج تک وہ ان سے ذاتی طور پر نہیں ملیں اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔

اگرچہ بینا چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ان پر کسی نے کالا جادو کرکے انہیں بیمار بنا دیا تھا لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان پر کس نے کالا جادو کیا اور انہیں اس بات کا علم کیسے ہوا کہ ان پر جادو کیا گیا ہے؟

بینا چوہدری کو شوبز میں کام کرتے ہوئے دو دہائیوں سے زیادہ وقت گزر چکا ہے، وہ تین درجن سے زائد ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔

بینا چوہدری کو معاون اور منفی کرداروں کی وجہ سے کافی شہرت حاصل ہے اور انہیں ان کرداروں کی وجہ سے تنقید کا سامنا بھی رہتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024