• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

لڑکوں کی جلد شادی نہ کرنے کی وجہ بہت سی لڑکیوں سے دوستی ہے، خلیل الرحمٰن قمر

شائع October 9, 2023
— فوٹو: اسکرین شاٹ
— فوٹو: اسکرین شاٹ

معروف ڈراما ساز و مصنف خلیل الرحمٰن قمر کا کہنا ہے کہ لڑکوں کی جلدی شادی نہ کرنے کی وجہ ان کی بہت سی لڑکیوں سے دوستی ہے، ’میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ایک ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے سخت خلاف ہوں۔‘

خلیل الرحمٰن قمر متعدد معروف ڈراموں اور فلموں کے لکھاری رہے ہیں اور ان کے ڈراموں کی تعریفیں بھی کی جاتی رہی ہیں۔

تاہم ماضی میں خلیل الرحمٰن قمر کو خواتین کے خلاف نامناسب گفتگو کرنے اور خصوصی طور پر ان کی جانب سے ایک ٹی وی شو میں سماجی کارکن ماروی سرمد کے لیے نامناسب زبان کے استعمال پر انہیں آڑے ہاتھوں لیا جاتا رہا ہے۔

حال ہی میں ڈراما ساز خلیل الرحمٰن قمر نے مزاحیہ پروگرام حد کردی میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایک بار پھر خواتین کے حقوق سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔

پروگرام کے شروع میں میزبان مومن ثاقب نے سوال پوچھا کہ ’مرد، عورت کو کیسے متاثر کرسکتا ہے؟‘ جس پر خلیل الرحمٰن قمر نے جواب دیا کہ ’مرد بنیں، اگر آپ عورت کی اپنی ماں جتنی عزت کرتے ہیں تو آپ مرد ہیں۔‘

جس کے بعد مومن ثاقب نے دوبارہ سوال پوچھا کہ ایک طبقہ آپ سے محبت کرتا ہے، آپ کے بہت سارے مداح ہیں اور دوسرا طبقہ آپ کی رائے سے سخت اختلاف کرتا ہے، اور شدید تنقید بھی کرتا ہے، کیا آپ کو توقع تھی کہ چیزیں اس نہج پر پہنچ جائیں گی؟

جس پر انہوں نے انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’نہیں، چونکہ میں عورتوں کے حقوق کے لیے لڑتا ہوں لیکن لوگ سمجھتے ہیں کہ میں مرد کے لیے بول رہا ہوں، مرد سماجی سیٹ اپ نہیں چلاتا، بلکہ وہ معاشی سیٹ اپ چلاتا ہے۔‘

لڑکوں کے جلد شادی نہ کرنے کے سوال پر خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ لڑکے جلدی شادی اس لیے نہیں کرتے کیونکہ ان کی بہت ساری ’دو نمبر‘ لڑکیاں دوست ہوتی ہیں۔

ڈراما ساز نے کہا کہ ’اگر کوئی لڑکا صحیح عمر میں شادی نہیں کر رہا تو اس کا مطلب ہے کہ اس کی بہت سی خواتین دوستوں تک رسائی ہے، یہ سب نقصان خواتین کو ہو رہا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’خواتین کو اپنی عزت کو برقرار رکھنا چاہیے، انہیں ان لڑکوں کو شٹ اپ کال دینا چاہیے جو یہ کہہ کر ان کا استحصال کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ چلو دوست بنیں، یہ غلط ہے، اگر لڑکیاں مردوں سے دوستی رکھنا بند کریں تو اس سے انہیں اور معاشرے کو فائدہ ہوگا۔‘

ایک اور سوال کے جواب میں خلیل الرحمٰن قمر نے کہا کہ لڑکوں اور لڑکیوں کا ایک اسکول میں تعلیم حاصل کرنا (co-education) غلط ہے، اس کا سب سے بڑا نقصان معاشرے کو ہو رہا ہے اور اس کے نتائج آج ہم بھگت رہے ہیں اور مستقبل میں مزید اثرات نظر آئیں گے، میں لڑکوں اور لڑکیوں کے ایک ساتھ تعلیم حاصل کرنے کے سخت خلاف ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی فلموں میں کبھی بھی فحاشی کو فروغ نہیں دیتے، اگر کوئی اداکارہ ایسا لباس پہنتی ہے تو ہدایت کار مجھے راضی کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024