• KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:23pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:53am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:59am Asr 3:22pm

استحکامِ پاکستان پارٹی عام انتخابات میں نئی قوت بن کر ابھرے گی، فردوس عاشق اعوان

شائع October 8, 2023
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکامِ پاکستان پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہو چکی ہے — فوٹو: اسکرین شاٹ/ایکس
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکامِ پاکستان پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہو چکی ہے — فوٹو: اسکرین شاٹ/ایکس

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام موجودہ سیاسی کلچر سے تنگ آچکے ہیں اور آئندہ انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی ایک نئی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کا منشور کسی اسپیڈ بریکر کے بغیر ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ایک روڈ میپ ہے۔

انہوں نے کہا کہ استحکامِ پاکستان پارٹی الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہو چکی ہے اور اس کا نشان ’عقاب‘ ہے، پارٹی نے اپنی عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین کی سربراہی میں آئی پی پی 13 اکتوبر کو جھنگ میں ایک عوامی جلسہ منعقد کرے گی جس کے بعد پنجاب کے کئی شہروں میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے لیے آئی پی پی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آگیا ہے، پارٹی کا منشور غریبوں کے لیے خوشحالی کے پاسپورٹ کے جیسا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کا قیام پاکستان کی معاشی بحالی اور ریاست کو جدید بنانے کے لیے ایک انشورنس پالیسی کی طرح ہے، یہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کی نئی راہیں کھولے گی۔

سیکریٹری اطلاعات آئی پی پی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف ایون فیلڈ میں مقیم ہیں لیکن پاکستان میں سیاسی بساط بچھانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہیں اپنے ہاتھ میں میڈیکل رپورٹ لے کر عدالت جانے کے بجائے ہسپتال میں آرام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدالت سے ریلیف لینا چاہتے ہیں اور میڈیکل رپورٹس کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں، ان رپورٹس کی سیاست سے مسلم لیگ (ن) کا خاتمہ ہو جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کا یہ بیان اُن کے متضاد ارادوں کو ظاہر کرتا ہے کہ نواز شریف عدالتوں میں پیش ہوں گے اور اپنے مقدمات لڑیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024