• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بونیر میں پولیس وین پر ریموٹ بم حملہ، ایک اہلکار شہید

شائع October 7, 2023
جاں بحق پولیس ڈرائیور کا نماز جنازہ پولیس لائن ڈگر میں ادا کی جا ئے گی۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز
جاں بحق پولیس ڈرائیور کا نماز جنازہ پولیس لائن ڈگر میں ادا کی جا ئے گی۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز

خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں ایلم پہاڑی میں پولیس وین پر ریموٹ بم حملے میں سابق پولیس ڈرائیور امیر زادہ شہید اور ایک فوجی اہلکار زخمی ہوگیا۔

ڈی پی او بونیر کے پولیس سپورٹ آفیسر (پی ایس او) شہزاد خان نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ پولیس موبائل میں اشیائے خورونوش پہاڑی پر قائم چیک پوسٹ کی طرف لے جارہی تھی کہ ایلم میں پہاڑی پر جبرا گورنمنٹ اسکول کے قریب زوردار دھماکا ہوا اور دھماکے سے پولیس موبائل کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایلم میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، حملے کے بعد پولیس اور فوج کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جاں بحق پولیس ڈرائیور کی نماز جنازہ پولیس لائن ڈگر میں ادا کی جا ئے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ملک بھر میں بالخصوص صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے حملوں کی زد میں ہیں جبکہ سیکیورٹی فورسز ملک بھر میں ان کے خلاف کارروائیوں اور سرزمین پاک کو دشمنوں سے پاک کرنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

چار روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی تھی جہاں 10 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

یکم اکتوبر کو اسی طرح کے حملے میں پنجاب کے شہر میانوالی میں کنڈل پیٹرولنگ پوسٹ پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

اس سے پہلے 29 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع مردان اور پاراچنار میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کی تھیں جہاں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر مارا گیا تھا اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا تھا۔

اسی طرح 23 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے انٹیلی جنس آپریشن کیا تھا تاہم فائرنگ کے تبادلے میں اہلکار شہید ہو گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024