• KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:05am Sunrise 6:29am
  • ISB: Fajr 5:12am Sunrise 6:38am
  • KHI: Fajr 5:28am Sunrise 6:47am
  • LHR: Fajr 5:05am Sunrise 6:29am
  • ISB: Fajr 5:12am Sunrise 6:38am

’مائی ری‘ میں شادی کے مناظر شوٹ کرواتے وقت والدین رشتے داروں سمیت آگئے تھے، ثمر جعفری

شائع October 7, 2023
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

کم عمری کی شادی کے موضوع پر بنائے گئے ڈرامے ’مائی ری‘ میں کم عمر دلہا فاخر کا کردار ادا کرنے والے ثمر جعفری نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامے میں شادی کے مناظر شوٹ کرواتے وقت ان کے والدین اپنے رشتے داروں سمیت سیٹ پر آگئے تھے۔

’مائی ری‘ میں ثمر جعفری کی کم عمر دلہن کا کردار عینا آصف نے کیا تھا اور دونوں کو ڈرامے میں کم عمری میں والدین بھی بنتے دکھایا گیا۔

ڈرامے میں ان کے کردار کو کافی سراہا گیا، ساتھ ہی ان پر تنقید بھی کی گئی۔

حال ہی میں ثمر جعفری نے ’انڈیپینڈنٹ اردو‘ سے بات کرتے ہوئے ڈرامے سمیت اپنے مستقبل کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ جلد ہی وہ بطور گلوکار اپنا میوزک ایلبم بھی ریلیز کریں گے، جس کی ویڈیوز میں وہ خود ہیرو بنیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں گلوکاری کا بچپن سے شوق تھا لیکن اتفاق سے انہیں پہلے 2012 میں اداکاری کرنے کا موقع ملا اور پھر 2018 میں انہوں نے گلوکاری کا بھی باضابطہ آغاز کیا۔

ان کے مطابق اب ان کی کوشش ہوگی کہ ’مائی ری‘ جیسے یا اس سےبہتر اسکرپٹ میں کام کروں، اب اس سے کم بہتر اسکرپٹ کے ڈرامے میں وہ کام نہیں کر سکتے۔

ثمر جعفری کے مطابق ’مائی ری‘ ڈرامے پر لوگوں کی تنقید سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگ ان کے ڈرامے کو غور سے دیکھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان پر یا ڈرامے کی کہانی پر فضول تنقید کی جا رہی ہے، لوگوں کے ہر سوال اور تنقید کا جواب ڈرامے کی کہانی اور مناظر میں موجود ہے۔

انہوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ ’مائی ری‘ میں کم عمری کی شادی کو بہتر دکھایا گیا ہے۔

ثمر جعفری کے مطابق ’مائی ری‘ میں کم عمری کی شادی کے فوائد اور نقصانات دکھائے گئے ہیں اور ساتھ ہی دکھایا گیا ہے کہ کسی بھی طرح زبردستی کی یا بے جوڑ شادی نہیں کرنی چاہئیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کے آنے والے میوزک ایلبم کی ویڈیوز میں ماہرہ خان نظر آئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ماہرہ خان ان کی ویڈیوز میں آئیں گی تو ان کی ویڈیوز کو چار چاند لگ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی اتنی حیثیت نہیں ہے کہ وہ ماہرہ خان کو درخواست کریں کہ وہ ان کی ویڈیو میں ان کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے ماہرہ خان کی اداکاری اور شخصیت کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کی شادی پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ خدا ان کے نصیب اچھے کرے۔

اپنی شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کا فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں اور نہ ہی وہ کم عمری کی شادی پر یقین رکھتے ہیں۔

ثمر جعفری نے انکشاف کیا کہ جب ’مائی ری‘ ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کی اور عینا آصف کی شادی کے مناظر ریکارڈ کیے جا رہے تھے تو ان کے والد تمام دوستوں اور رشتے داروں کو بھی سیٹ پر لے کر آگئے تھے۔

ان کے مطابق ان کے والد ہر کسی کو شادی کے سیٹ پر شکایت کرتے رہے کہ انہیں بیٹے نے اپنی شادی پر مدعو نہیں کیا تھا۔

ثمر جعفری کے مطابق ان کی والدہ نے ان کی دلہن عینا آصف اور ان کے ہمراہ اس طرح تصاویر اور ویڈیوز بنوائیں، جیسے ان کی حقیقت میں شادی ہو رہی ہو۔

کارٹون

کارٹون : 12 نومبر 2024
کارٹون : 11 نومبر 2024