• KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 5:02am Sunrise 6:25am
  • ISB: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 5:02am Sunrise 6:25am
  • ISB: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am

’حادثہ‘ کے اختتام پر ریپ کی شکار کو انصاف ملنے پر شائقین خوش

شائع October 6, 2023
— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

موٹروے پر سفر کرنے کے دوران اغوا کے بعد ریپ کا شکار بننے والے کردار پر بنائے گئے ڈرامے ’حادثہ‘ کی آخری قسط میں متاثرہ خاتون کو انصاف ملنے پر شائقین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈرامے کے اختتام کو بہترین قرار دیا۔

’حادثہ‘ کو اگست میں جیو ٹی وی پر نشر کرنا شروع کیا گیا تھا اور اس کی ابتدائی 4، 5 اور 6 اقساط میں حدیقہ کیانی کے موٹروے پر اغوا، ریپ اور پھر ہسپتال میں زیر علاج رہنے کے مناظر دکھائے گئے تھے۔

ڈرامے میں موٹروے سے اغوا کے بعد گینگ ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کا کردار حدیقہ کیانی نے ادا کیا ہے جب کہ ان کے شوہر کا کردار علی خان نے ادا کیا ہے۔

ڈرامے کی چوتھی قسط نشر ہونے کے بعد ہی لوگوں نے اس پر تنقید کی تھی اور اس پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں 30 اگست کو پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے اس پر پابندی بھی عائد کردی تھی لیکن اس کے خلاف ڈرامے کے ہدایت کار وجاہت رؤف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے 19 ستمبر کو ڈرامے کو نشر کرنے کی اجازت دے دی تھی، جس کے بعد ڈرامے کو دوبارہ یومیہ بنیادوں پر دکھایا گیا۔

ڈرامے کی آخری قسط 5 اکتوبر کو نشر کی گئی، جس میں ریپ کا نشانہ بننے والی خاتون کو انصاف ملتا دکھایا گیا۔

ڈرامے کی آخری قسط میں خاتون سے ریپ کرنے والے ملزمان گرفتار کرکے انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تمام ملزمان کو قید کی سزا سنائی۔

آخری قسط میں یہ بھی دکھایا گیا کہ خاتون کا ریپ کرنے والا مرکزی ملزم دراصل بچپن میں مذکورہ خاتون کے گھر ملازمت کرتا تھا لیکن انہیں ایک غلطی پر بے عزت کرکے نکالا گیا تھا، جس نے بڑا بننے کے بعد اپنی بے عزتی کا بدلا لیا۔

علاوہ ازیں ڈرامے کی آخری قسط میں ریپ کا شکار بننے والی خاتون کو شادی کے 25 سال بعد اہلیہ سے الگ ہونے والے شوہر کو بھی شرمندہ دکھایا گیا جب کہ خاتون کو عدالت کی جانب سے انصاف ملنے کے بعد موٹیویشنل اسپیکر کے طور پر بھی دکھایا گیا۔

ڈرامے کی آخری قسط نشر ہونے سے متعلق ہدایت کا وجاہت رؤف نے بھی انسٹاگرام پوسٹ کی جب کہ ڈرامے میں منفی کردار ادا کرنے والے اداکار نے بھی ہدایت کار کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اداکاری کرنا کو موقع دیا گیا۔

شائقین کی جانب سے بھی ڈرامے کے اختتام کو سراہا گیا اور زیادہ تر صارفین نے یوٹیوب اور سوشل میڈیا پوسٹس پر کمنٹس کرتے ہوئے ہدایت کار، اداکاروں اور لکھاری کی تعریفیں کیں۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2024
کارٹون : 7 نومبر 2024