• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بونی کپور کے 6 سال بعد سری دیوی کی موت سے متعلق انکشافات

شائع October 4, 2023
—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکار، پروڈیوسر و ہدایت کار بونی کپور نے اہلیہ سری دیوی کی موت کے 6 سال بعد متعدد انکشافات کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی اہلیہ نمک استعمال نہ کرنے کی وجہ سے بے ہوش ہوگئی تھیں، جس سے ممکنہ طور پر ان کی موت واقع ہوئی۔

سری دیوی فروری 2018 میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ایک پرتعیش ہوٹل میں مردہ پائی گئی تھیں۔

اس وقت کی رپورٹس کے مطابق سری دیوی باتھ ٹب میں بے ہوش ہوگئی تھیں، جس میں ڈوبنے کے بعد وہ چل بسیں۔

اس وقت ایسی رپورٹس بھی تھیں کہ ممکنہ طور پر سری دیوی نے زیادہ شراب نوشی کی تھی، جس وجہ سے وہ بے ہوش ہوئیں اور بعد ازاں باتھ ٹب میں ڈوب کر چل بسیں لیکن ایسی رپورٹس کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔

گزشتہ 6 سال کے دوران سری دیوی کی موت کی واضح وجوہات سامنے نہیں آ سکیں، البتہ دبئی پولیس اور انتظامیہ نے بتایا تھا کہ اداکارہ کی موت باتھ ٹب میں ڈوبنے سے ہوئی تھی۔

اب اہلیہ کے انتقال کے 6 سال بعد بونی کپور نے پہلی بار مذکورہ معاملے پر کھل کر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سری دیوی کی موت کے بعد وہ 48 گھنٹوں تک زیر تفتیش رہے۔

انہوں نے ’دی نیو انڈین‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ پولیس نے سچ کو جاننے کے لیے ان کے متعدد ٹیسٹس بھی کیے اور جھوٹ پکڑنے والے سافٹ ویئرز سے بھی انہیں گزارا گیا اور ان سے انتہائی سخت سوالات کرکے انہیں زیر حراست رکھا گیا۔

ان کے مطابق اگرچہ دبئی پولیس کو جلد ہی احساس ہوگیا تھا کہ انہوں نے کچھ بھی نہیں کیا بلکہ سب کچھ حادثاتی طور پر ہوا ہے لیکن اس باوجود انہوں نے تفتیش جاری رکھی، کیوں کہ ان پر بھارتی میڈیا کا دباؤ تھا۔

’سری دیوی خوبصورت نظر آنے کے لیے سخت ڈائٹ کرتی تھیں‘

—فائل فوٹو: انسٹاگرام
—فائل فوٹو: انسٹاگرام

بونی کپور نے طویل انٹرویو میں یہ انکشافات بھی کیے کہ ان کی اہلیہ خوبصورت اور پرکشش نظر آنے کے لیے انتہائی سخت ڈائٹ کرتی تھیں۔

ان کے مطابق سری دیوی جوانی کے وقت سے ہی ڈائٹ پر تھیں، وہ اسکرین پر زیادہ خوبصورت اور پرکشش دکھنے کی خواہاں ہوتی تھیں اور اس کے لیے ہر کام کرتی تھیں۔

بونی کپور کا کہنا تھا کہ شادی کے چند ماہ بعد ہی سری دیوی نے سخت ڈائٹ شروع کردی تھی، جس پر وہ انہیں متعدد بار سمجھاتے بھی رہے لیکن انہوں نے کبھی ان کی بات نہیں مانی۔

خیال رہے کہ بونی کپور اور سری دیوی نے 1996 میں شادی کی تھی، اداکارہ سے بونی کپور کی دوسری شادی تھی۔

شادی کے ایک سال بعد 1997 میں دونوں کے ہاں بڑی جھانوی کپور جب کہ 1998 میں دوسری بیٹی خوشی کپور کی پیدائش ہوئی۔

’نمک سے دوری بھی سری دیوی کی موت کا سبب بنی‘

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

بونی کپور نے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سری دیوی نمک کے بغیر کھانا کھاتی تھیں، انہوں نے کبھی نمک استعمال نہیں کیا۔

فلم پروڈیوسر کے مطابق سری دیوی کو لو بلڈ پریشر کا مسئلہ بھی تھا، جس وجہ سے ڈاکٹرز خود انہیں مشورہ دے چکے تھے کہ انہیں نمک کا استعمال کرنا چاہئیے۔

انہوں نے بتایا کہ نمک کا استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ہی انہیں لو بلڈ پریشر کا مسئل ہوا اور وہ متعدد بار پہلے بھی بے ہوش ہوچکی تھیں، جس پر انہوں نے انہیں لازمی نمک کے استعمال کی ہدایت بھی کی۔

بونی کپور کے مطابق سری دیوی کی موت کے بعد ایک جنوبی بھارتی اداکار جب تعزیت کے لیے آئے تو انہوں نے بھی بتایا کہ ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران سری دیوی بے ہوش ہوکر باتھ روم میں گر گئیں، جہاں ان کے دانت ٹوٹے تھے۔

فلم ساز کے مطابق انہیں علم تھا کہ سری دیوی کے دانت ٹوٹے تھے اور انہوں نے مصنوعی دانت لگوائے ہوئے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اور ان کی بیٹیاں سری دیوی کو نمک کا لازمی استعمال کرنے کی ہدایت کرتے رہے لیکن انہوں نے ان کی ایک بات نہ سنی۔

انہوں نے بتایا کہ سری دیوی کے ذہن میں یہ بات بیٹھ چکی تھی کہ نمک کے استعمال سے ان کا جسم پھول جائے گا، ان کے جسم میں پانی بھر جائے گا، چہرے کی کشش ختم ہوجائے گی، اس لیے انہوں نے نمک کا استعمال چھوڑ دیا تھا۔

ان کے مطابق وہ جہاں بھی ان کے ساتھ باہر کھانا کھانے جاتیں تو نمک کے بغیر کھانا آرڈر کرتیں اور ایسی عادت کی وجہ سے ان کا بلڈ پریشر کم رہتا، جس وجہ سے وہ متعدد بار بے ہوش بھی ہوئیں۔

بونی کپور کے مطابق دبئی میں بھی وہ اسی طرح بے ہوش ہوگئیں، جس کے بعد وہ اس بار بچ نہ سکیں۔

—فوٹو: سری دیوی انسٹاگرام
—فوٹو: سری دیوی انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024