• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ٹانک: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک

شائع October 3, 2023
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی — فائل/فوٹو: اے پی
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائی خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی — فائل/فوٹو: اے پی

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی جہاں 10 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کارروائی ضلع میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور فوجی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

مزید بتایا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے اور اس کے علاوہ بھتہ خوری اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی شامل تھے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر اسلحہ، بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا اور شہریوں نے کارروائی کو سراہا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل 29 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع مردان اور پاراچنار میں دہشت گردوں کے خلاف دو الگ الگ کارروائیاں کی تھیں جہاں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر کو ہلاک کردیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ضلع مردان میں کاٹلانگ کے شہری علاقے میں کارروائی کی جہاں انتہائی مطلوب دہشت گرد گروپ کا سربراہ فیصل مارا گیا۔

کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے گزشتہ سال نومبر میں حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد خاص طور پر خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔

پاک فوج نے 26 ستمبر کو ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے دہشت گرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے اس سے قبل 21 ستمبر کو خیبرپختونخوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے پہلی کارروائی ضلع بنوں کے علاقےجانی خیل میں کی جہاں اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع شمالی وزیرستان کے شہری علاقے دتہ خیل میں کی تھی اور اس دوران 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔

20 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کولاچی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024