اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، 130 پوائنٹس کا اضافہ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے حصص میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جہاں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز کے ایس ای-100 انڈیکس 130 پوائنٹس یا 0.28 فیصد اضافے کے ساتھ 46 ہزار 757 پوائنٹس پر بند ہوا جو کہ اس سے قبل 46 ہزار 627 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
اسٹاک مارکیٹ میں تجازت کا آغاز مثبت انداز میں ہوا جہاں سرمایہ کاروں کو توانائی کے شعبے میں ہونے والی اصلاحات اور کاروباری ہفتے کے مسلسل 19 ویں سیشن میں بھی ڈالر کے مقابلے پاکستانی کرنسی کی قدر میں اضافے کی اچھی خبریں موصول ہوئیں۔
علاوہ ازیں ہفتے کو نگران حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔
تاہم پاکستان کے ادارہ شماریات کی طرف سے کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کے جاری کردہ اعدادوشمار میں کہا گیا کہ مہنگائی کی شرح 31.4 فیصد تک بڑھ گئی ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج سب سے زیادہ پیش رفت ورلڈ کال ٹیلی کام لمیٹڈ، سنرجیکو پی کے لمیٹڈ، آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ، یونائیٹڈ فوڈز لمیٹڈ، بینک اسلامی پاکستان لمیٹڈ، کے-الیکٹرک لمیٹڈ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے اسٹاک میں ہوئی ہے۔
علاوہ ازیں سرفہرست ایڈوانسرز میں ایس ایم ای لیزنگ لمیٹڈ، ہالا انٹرپرائزز لمیٹڈ، حبیب انشورنس کمپنی لمیٹڈ اور بینک آف خیبر شامل ہیں۔
تاہم سب سے زیادہ کمی فرسٹ پنجاب مضاربہ، گرے لیزنگ لمیٹڈ، فرسٹ ایلیٹ کیپٹل مضاربہ اور نیکسٹ کیپٹل لمیٹڈ میں ہوئی ہے۔