ماہرہ خان نے بزنس مین سلیم خان سے شادی کرلی
نامور اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے قریبی دوست اور بزنس مین سلیم خان سے شادی کرلی ہے جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا وائرل ہوگئی ہیں۔
ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری سے کی تھی، جن سے انہیں بیٹا اذلان بھی ہے۔
ماہرہ خان کی پہلی شادی تقریبا 8 سال بعد 2015 میں طلاق پر ختم ہوئی تھی اور 2019 سے ان کی دوسری شادی کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کررہی تھیں تاہم انہوں نے اس کی باضابطہ تصدیق نہیں کی تھی۔
تاہم اب طویل عرصے بعد ماہرہ خان کی سوشل میڈیا مینیجر انوشہ طلحہ خان نے ماہرہ خان کی شادی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شئیر کرکے اداکارہ سے متعلق خبروں کی تصدیق کردی ہے۔
ماہرہ خان کی شادی کی ویڈیو اورتصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ماہرہ خان نے سفید رنگ کا لہنگا چولی میں وہ خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں جبکہ دلہے نے سیاہ شیروانی زیب تن کی ہوئی ہے۔
اداکارہ کی شادی کی تقریب میں محدود تعداد میں قریبی دوست اور رشتہ دار شریک ہوئے۔
ان کے بھائی حسان خان نے بھی ماہرہ خان کی شادی کی ویڈیو شئیر کی جس میں دولہے کی پہلی جھلک دیکھی گئی۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ خوبصورت جوڑا پہنے ماہرہ خان اسٹیج کی جانب بڑھتی ہیں اور ان کے شوہر انہیں ماتھے پر بوسہ دیتے ہیں۔
گزشتہ سال ماہرہ خان نے ثمینہ پیرزادہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں سلیم کریم سے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔
انٹرویو میں جب ثمینہ پیرزادہ نے سوال پوچھا کہ کیا ماہرہ خان کو محبت ہوگئی ہے تو اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا تھا کہ ہاں شاید مجھے محبت ہوگئی ہے، لیکن میں اتنی آسانی سے اس حوالے سے بات نہیں کرسکتی کیوں کہ میں بہت شرمیلی ہوں۔
ثمینہ پیرزادہ نے اس دوران ماہرہ خان کو مبارکباد بھی دی اور سوال کیا کہ کیا وہ اس شخص کو جانتی ہیں؟ جس پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ ’ہوسکتا ہے آپ ان کو جانتی ہوں لیکن ان کا تعلق شوبز انڈسٹری سے نہیں ہے‘۔
اس پر جب ثمینہ پیرزادہ نے ماہرہ خان سے سوال کیا کہ کیا وہ نام بتانا چاہیں گی تو اس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ نام نہیں بتانا چاہتی کیوں کہ یہ وہ خیال ہے جس کی حفاظت کو کرنا چاہتی ہیں۔