• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

اسپین کے شہر مرسیا کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 13 افراد ہلاک

شائع October 1, 2023
آگ لگنے کے واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لیا ہوا ہے— فوٹو: اے ایف پی
آگ لگنے کے واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لیا ہوا ہے— فوٹو: اے ایف پی

اسپین کے شہر مرسیا کے نائٹ کلب میں آگ لگنے سے کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے اور ملبے تلے لوگوں کے دبے رہنے کے سبب ہلاکتوں میں اب بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جنوب مشرقی اسپین کے شہر مرسیا میں واقع دو منزلہ ٹیٹر نائٹ کلب میں آگ صبح سویرے لگی۔

ایمرجنسی سروسز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر بتایا کہ فائر فائٹرز جائے وقوع پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہوں نے مزید متاثرین کی تلاش کو خارج از امکان قرار نہیں دیا۔

مرسیا کے میئر جوز بالیستا نے کہا کہ آگ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے پر لگی اور یہ انتہائی سنگین نوعیت کی تھی۔

بالیستا نے جائے وقوع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملبے سے ابھی بھی لاشیں نکالی جانی ہیں، ملبے کے گرنے کے خطرے کے پیش نظر یہ ایک پیچیدہ کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ فائر فائٹرز صبح 7 بجے جائے وقوع پر روانہ ہوئے اور صبح 8 بجے تک آگ پر قابو پالیا۔

احکام نے بتایا کہ واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے جن میں دو خواتین کی عمریں 22 اور 25 سال کے درمیان ہیں جبکہ دو مردوں کی عمریں چالیس سال سے زائد ہیں اور ان سب لوگوں کو دھوئیں کے سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ہفتہ کی رات کلب میں سالگرہ کی تقریب منعقد کی جا رہی تھی۔

نیشنل پولیس کے ترجمان ڈیاگو سیرل نے ریڈیو اوندا ریجنل ڈی مرسیا کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ نائٹ کلب کی دو منزلہ عمارت کی پہلی منزل پر لگی۔

قومی پولیس سروس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ جس مرسیا نائٹ کلب میں آج صبح آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا وہاں فارنزک اور جوڈیشل پولیس کے ماہرین کو تعینات کیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ 40 سے زیادہ فائر فائٹرز اور 12 ایمرجنسی گاڑیاں نے جائے وقوع پر ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔

وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے مرسیا نائٹ کلب میں ہونے والی المناک آتشزدگی کے متاثرین اور لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

شہر کے ٹاؤن ہال نے کہا کہ وہ اس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد سے تعزیت کرتے ہیں۔

میئر نے اعلان کیا کہ شہر میں تین روزہ سوگ منایا جائے گا اور متاثرین کے لواحقین کے لیے ایک استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا۔

2017 میں اسپین میں ٹینیرائف کے ہالی ڈے آئی لینڈ میں کھچا کھچ بھرے نائٹ کلب میں فرش گرنے سے 40 افراد زخمی ہو گئے تھے۔

زخمیوں کا تعلق فرانس، برطانیہ، رومانیہ اور بیلجیئم سمیت مختلف ممالک سے ہے اور 1990 میں اسپین کے شمال مشرقی شہر زراگوزا کے ایک نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 43 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024