• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:26pm

پاکستان کا آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ

شائع October 1, 2023
سمیع سعید باکو میں دوسرے آذربائیجان نیشنل اربن فورم ایںڈ گلوبل آبزروینس آف ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: اے پی پی
سمیع سعید باکو میں دوسرے آذربائیجان نیشنل اربن فورم ایںڈ گلوبل آبزروینس آف ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے — فوٹو: اے پی پی

نگران وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون اور دیرینہ دوستی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے آذربائیجان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سمیع سعید نے یہ بات باکو میں دوسرے آذربائیجان نیشنل اربن فورم اینڈ گلوبل آبزروینس آف ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔

آذربائیجان کی شہری منصوبہ بندی اور فن تعمیر کی اسٹیٹ کمیٹی نے اقوام متحدہ کے انسانی بستیوں کے پروگرام (یو این ہیبی ٹیٹ) کے تعاون سے عالمی یوم ہیبی ٹیٹ کی تقریب کا زنگیلان شہر میں انعقاد کیا۔

وزیر منصوبہ بندی نے افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور اس کے عوام آذربائیجان کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور مہمان ملک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

فورم کا مقصد شہروں سے متعلق ابھرتے چیلنجز، علاقائی باہمی تعاون اور پائیدار ترقی کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

پہلا نیشنل اربن فورم آذربائیجان کے شہر آغدام میں منعقد ہوا تھا، یہ شہر مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا اور اب یہاں بڑی تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں، دوسرا فورم زنگیلان شہر میں منعقد ہو رہا ہے جس کی آذربائیجان کے خطے کاراباخ کے ساتھ تعمیر نو کا جامع عمل جاری ہے۔

سمیع سعید نے کامیاب دوسرے قومی شہری فورم کے انعقاد پر آذربائیجان کی حکومت کی تعریف کی جب کہ یہ فورم تباہ شدہ شہروں کی تعمیر نو میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کے درمیان مثبت پیش رفت کو نوٹ کیا اور تجارت، رابطے، توانائی، سیاحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے مختلف شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

نگران وفاقی وزیر نے آذربائیجان کی شہری منصوبہ بندی اور فن تعمیر کی اسٹیٹ کمیٹی کے چیئرمین انار گلییف سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

سمیع سعید نے پاکستان کے سیلاب 2022 کے لیے حال ہی میں شروع کیے گئے لچکدار بحالی اور تعمیر نو کے فریم ورک (4 آر ایف) پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 2022 میں سیلاب سے بری طرح متاثر ہوا، 3 کروڑ سے زائد افراد شدید متاثر ہوئے جب کہ ان کا کہنا تھا کہ یہ فریم ورک ایک لچکدار انفرااسٹرکچر بنانے میں مدد کرے گا۔

اس موقع پر نگران وزیر منصوبہ بندی نے کرغزستان اور کمبوڈیا کے ہم منصبوں سے بھی بات چیت کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

نگران وزیر منصوبہ بندی نے اسمارٹ ولیج اور اسکول کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ سے بات چیت کی، انہیں اس شہر میں نگورنو۔کاراباخ تنازع کے بعد بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024