• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان، پیٹرول فی لیٹر 8 روپے سستا

شائع October 1, 2023
پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 323 روپے 38 پیسے ہوگی — فائل فوٹو: رائٹرز
پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 323 روپے 38 پیسے ہوگی — فائل فوٹو: رائٹرز

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کردی ہے۔

خزانہ ڈویژن سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 8 روپے کمی کردی گئی ہے اور پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 323 روپے 38 پیسے ہوگی۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 11 روپے کم کردی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 318 روپے 18 پیسے فی لیٹر ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل اور ایکسچینج ریٹ میں بہتری کو دیکھتے ہوئے حکومت پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اکتوبر 2023 سے ہوگا۔

نگران وفاقی حکومت نے 16 ستمبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کر دیا تھا اور پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک ساتھ 26 روپے 2 پیسے کا اضافہ کردیا تھا، جس کے بعد فی لیٹر قیمت 331 روپے 38 پیسے ہوگئی تھی۔

ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 17 روپے 34 پیسے اضافہ کرکے قیمت 329 روپے 18 پیسے مقرر کردی گئی تھی۔

یاد رہے کہ 31 اگست کو نگران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل دوسری مرتبہ اضافے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت 300 روپے فی لیٹر سے تجاوز کر گئی تھی۔

31 اگست کو نگران حکومت کو آئے ابھی ایک ماہ کا بھی عرصہ نہیں ہوا تھا لیکن اس کے باوجود لگاتار دوسری مرتبہ قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا اور اس عرصے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہو چکا تھا۔

اس سے قبل 16 اگست کو بھی نگران حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بالترتیب 17 روپے 50 پیسے اور 20 روپے کا اضافہ کردیا تھا۔

یکم اگست کو گزشتہ حکومت نے اپنی آئینی مدت مکمل ہونے سے قبل پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کردیا تھا۔

سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے قیمتوں میں اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے پوری کوشش کی کہ عالمی منڈی میں ہونے والے اضافے کا عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

انہوں نے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 90 پیسے اور پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ان کے اعلان کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت اضافے کے ساتھ 273 روپے 40 پیسے اور پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024