واٹس ایپ اسٹوریز کے فیچر کو تبدیل کیے جانے کا امکان
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے کچھ عرصہ قبل ہی اسٹوریز کے فیچر ’اسٹیٹس‘ کا نام تبدیل کرکے اسے ’اپڈیٹس‘ کیا تھا۔
تاہم اب اس میں مزید تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے،جس کے تحت صارفین اپنی اسٹوریز کو دو ہفتوں تک بھی برقرار رکھ سکیں گے۔
اس وقت واٹس ایپ پر اسٹوریز ہر 24 گھنٹے بعد خود بخود ختم ہوکر اسٹیٹس سے ہٹ جاتی ہیں، جس کے بعد صارفین کو نئی اسٹوریز شیئر کرنی پڑتی ہیں۔
اگرچہ اس وقت بھی واٹس ایپ پر ایسی کوئی پابندی نہیں کہ صارف محدود اسٹوریز شیئر کرے لیکن اب مذکورہ فیچر کو تبدیل کرکے اس کا دورانیہ بڑھائے جانے پر کام جاری ہے۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ویب ایٹ انفو کے مطابق ایپلی کیشن پر اسٹوریز کے دورانیے کو بڑھانے کا فیچر جلد پیش کردیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے متعدد صارفین کو نئے فیچر کی آزمائش تک رسائی دی گئی ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی اسٹوریز کو 24 گھنٹے کے بجائے دو ہفتوں تک برقرار رکھ سکتے ہیں۔
نئے فیچر کے تحت صارفین جیسے ہی اپنی اسٹوری شیئر کریں گے تو ان کے پاس بار کی صورت میں آپشن آئیں گے کہ وہ کتنی دیر تک اسٹوریز کو برقرار رکھنا چاہیں گے۔
صارفین کو 24 گھنٹوں کے علاوہ تین دن، ایک ہفتہ اور دو ہفتوں کے آپشن دیے جائیں گے اور صارفین اپنی مرضی کے مطابق آپشن سلیکٹ کرنے کے لیے خود مختار ہوں گے۔
ساتھ ہی صارفین کے پاس یہ آپشن بھی ہوگا کہ وہ اسٹوریز کو دو ہفتوں تک برقرار رکھنے کے بعد اگر انہیں تین دن بعد ڈیلیٹ کرنا چاہیں تو وہ ڈیلیٹ ہوجائیں گی یا ان کا دورانیہ ایک ہفتے تک محدود کرنا چاہیں تو بھی دورانیہ محدود ہوجائے گا۔
ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ فیچر کو کب تک عام صارفین کے لئے پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے جلد ہی متعارف کرادیا جائے گا۔